لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے کرکٹر محمد عامر نے ٹیسٹ میچ کے کپتان شان مسعود سے غیرسنجیدہ گفتگو پر سابق چیئرمین پی سی بی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
پاکستان نے اپنے اسپنرز کی بہترین بالنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
پاکستان تقریباً ساڑھے 3 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے آخری ہوم ٹیسٹ سیریز جنوری 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔
تاہم انگلینڈ کے خلاف اس اہم جیت کے باوجود رمیز راجہ نےکپتان شان مسعود سے غیرسنجیدہ گفتگو کی۔
میچ کے بعد ہونے والی گفتگو میں رمیز راجہ نے شان مسعود کی بطور کپتان 6 ناکامیوں پر طنز کیا، ایک موقع پر انہوں نے نعمان علی کے بارے میں بھی تضحیک آمیز رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ ‘لگتا ہےکہ نعمان میں خون کی کمی ہے’۔
سوشل میڈیا پر رمیز راجہ کو اس اندازِ گفتگو پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہےکہ اس طرح سرعام قومی ٹیم کے کپتان کی بے عزتی کرنا کسی طرح مناسب نہیں ہے۔
محمد عامر نے کیا کہا؟
اس حوالے سے اب پاکستانی کرکٹر محمد عامر کا بھی بیان سامنے آگیا ہے جنہوں نے رمیز راجہ کے اس رویے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
محمد عامر نے رمیز راجہ کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وننگ کپتان کا انٹرویو مثبت انداز میں کرنا چاہیے تھا کہ آپ کا اگلا پلان کیا ہوگا لیکن آپ بیٹھ کر مذاق اڑا رہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے وننگ کپتان کا مذاق اڑایا، انٹرویو لیتے ہوئے خیال کرنا چاہیے تھا، آپ پڑھے لکھے لوگ ہیں، پڑھے لکھوں والی حرکتیں کرو، ٹیم کا جہاں کریڈٹ بنتا ہے وہاں کریڈٹ دو، کیڑے کیوں نکال رہے ہو۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ مجھے اتنا برا لگا وہ انٹرویو دیکھ کر، آپ کو اتنا عرصے ہوگیا مائیک پکڑتے ہوئے، ہوسٹنگ اور کمنٹری کرتے ہوئے لیکن آپ کو اتنا بھی آئیڈیا نہیں ہوا کہ وننگ ٹیم کے کپتان سے کسطرح بات کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود کی جگہ کوئی اور بھی ہوتا تو میں یہی کہتا، مجھے یقین ہے کہ شان مسعود کو برا لگا ہوگا لیکن وہ پڑھا لکھا لڑکا ہے، اُس نے کوئی ردعمل نہیں دیا، کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ تعریف کی مستحق ہے، وہ تو ضرور کرنی چاہیے، مذاق بنا سکتے ہو تو کریڈٹ بھی دو۔
مزیدپڑھیں:نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ، گاڑیوں اور جائیداد کی خریداری ناممکن ہوجائیگی



