لیسٹر (نیوز ڈیسک)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے مرحلے میں پاکستان چیمپئنز کیساتھ کھیلنے سے انکار کرنے والے بھارتی چیمپئنز کو اگلے مرحلے میں ایک بار پھر پاکستانی چیمپئنز سے مقابلہ کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم پاکستان اور چوتھے پوزیشن پر موجود بھارت کے درمیان پہلا سیمی فائنل 31 جولائی کا کھیلا جائے گا۔
گزشتہ روز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے اہم میچ میں بھارتی چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارتی لیجنڈز کو 145 رنز کا آسان ہدف دیا تھا۔ جس کو بھارت نے اسٹورٹ بنی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 13 اوورز اور دو گیندوں پر پورا کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
منگل کے روز ہی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے میچ میں پاکستان چیمپئنز نے سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 74 رنز پر ہی آوٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 16 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں قومی ٹیم نے 75 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 8 یں اوور میں ہی پورا کر لیا تھا۔ شرجیل خان 32 جبکہ صہیب مقصود 28 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔


