بھارت(نیوز ڈیسک)ایشیا کپ 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ میں ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پربھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین نے بھارتی کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کی ہے۔
اظہر الدین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہاتھ ملانے میں کوئی حرج نہیں تھا۔ جب آپ میچ کھیل رہے ہوتے ہیں تو کھیل اخلاق و آداب کے مطابق ہونا چاہیے، مجھے معلوم نہیں کہ اس معاملے میں کیا مسئلہ تھا، میں واقعی سمجھ نہیں پا رہا کہ ہاتھ نہ ملانا کیوں ضروری سمجھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹیم نے میچ کھیلنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، تو پھر مکمل جذبے اور عزت کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ احتجاج کی کیفیت میں کھیل رہے ہوں، تو بہتر ہے کہ کھیل ہی نہ ہو۔ احتجاج کے تحت کھیلنے کا کوئی مطلب نہیں۔ اگر کھیلنا ہے تو پورے جذبے کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ ورنہ کھیلنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارتی کپتان نے ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا، میچ کے بعد بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔
اس سے قبل گروپ مرحلے کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا تھا، پھر بعد ازاں میچ کے اختتام پر بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بتا دیا تھا کہ کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لیا اور آئی سی سی سے رابطہ کرکے کہاکہ اگر اس معاملے کو حل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہو جائےگا۔
مزید پڑھیں۔پاکستان میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کے دام 4 لاکھ روپے کے قریب پہنچ گئے

