اوکلینڈ(نیوز ڈیسک) نیشنل فٹبال لیگ (NFL) کے سابق اسٹار ڈگ مارٹن پولیس کی حراست کے دوران انتقال کر گئے۔
پولیس کے مطابق مارٹن کی موت اس وقت ہوئی جب افسران انہیں ایک گھر میں مبینہ چوری کی واردات کے سلسلے میں حراست میں لے رہے تھے۔
اوکلینڈ پولیس کے بیان کے مطابق واقعہ ہفتے کی صبح پیش آیا جب اہلکاروں نے ایک گھر میں توڑ پھوڑ کی اطلاع پر کارروائی کی۔ دورانِ گرفتاری، مارٹن اور پولیس کے درمیان مختصر جھڑپ ہوئی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مارٹن کو فوراً ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ وہ 36 سال کے تھے۔
پولیس نے واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں جبکہ الامیڈا کاؤنٹی کورونر آفس نے کہا ہے کہ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ڈگ مارٹن کا شاندار کیریئر
ڈگ مارٹن کا شمار این ایف ایل کے نمایاں رننگ بیکس میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر حصہ ٹیمپا بے بوکینیئرز کے ساتھ گزارا، جہاں وہ آل پرو ٹیم میں بھی شامل رہے۔
ان کی اچانک موت نے کھیلوں کی دنیا کو سوگوار کر دیا ہے، اور سابق کھلاڑیوں کے ساتھ مداحوں نے بھی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:امریکا کا ویزا، ایک لاکھ ڈالر فیس ختم کردی گئی


