لاہور(اوصاف نیوز)این او سی کی غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ستمبر کے آخر میں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیع احمد سید نے ایک نوٹس کے ذریعے کھلاڑیوں اور ایجنٹوں کو مطلع کیا کہ بورڈ نے غیر ملکی T20 لیگز میں شرکت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ہفتے کے روز کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تصدیق کی کہ پاکستانی کھلاڑی طے شدہ شیڈول کے مطابق بی بی ایل میں شامل ہوں گے۔
ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ ہمیں کھلاڑیوں کی کلیئرنس گزشتہ ہفتے ملی، تمام کھلاڑی کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اس سیزن میں بہترین پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
یہ ٹورنامنٹ 14 دسمبر سے 25 جنوری تک جاری رہے گا۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں بابر اعظم (سڈنی سکسرز)، شاہین شاہ آفریدی (برسبین ہیٹ)، حسن علی (ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز)، محمد رضوان (میلبورن رینیگیڈز)، حارث رؤف (میلبورن اسٹارز) اور شاداب خان (ایس ایس) شامل ہیں۔
بابر اور شاہین کے درمیان میچز 5 اور 18 جنوری کو شیڈول ہیں جو شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ پاکستانی کھلاڑی سڈنی تھنڈر کے خلاف میچوں میں بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون سے بھی مدمقابل ہوں گے جو شاداب خان کے ساتھ اسی ٹیم میں شامل ہیں۔
اشون کی بی بی ایل میں شمولیت کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یہ بحث بھی چھڑ گئی ہے کہ آیا مستقبل میں ریٹائرمنٹ کے بعد دیگر ہندوستانی کھلاڑی بھی غیر ملکی لیگز میں حصہ لے سکتے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کے مطابق مستقبل میں مزید ہندوستانی کھلاڑیوں کی بی بی ایل میں شمولیت کے امکانات ہیں تاہم یہ پیشرفت اس بات پر بھی منحصر ہے کہ لیگ میں نجی سرمایہ کاری لائی جاتی ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بی بی ایل میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیلنا ہے لیکن اس کے لیے ہمیں مالی وسائل کی ضرورت ہے تاکہ ہم عالمی سطح پر مسابقتی رہیں۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے آئی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے پیش کیے گئے 10 ملین آسٹریلین ڈالر کے طویل مدتی معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔
ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ موجودہ سینئر کھلاڑیوں کے بارے میں زیادہ تشویش نہیں تاہم یہ مسئلہ اگلی نسل کے لیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ آسٹریلوی کرکٹ میں رہتے ہوئے اپنے ملک کو اولین ترجیح دیں۔
مزید پڑھیں:پنجاب ضمنی انتخابات: مسلم لیگ نے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے


