لاس اینجلس (نیوز ڈیسک)واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کو زیادہ منظم اور بامعنی بنانے کے لیے نئی اور جامع فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، تازہ اپ ڈیٹ کے تحت صارفین کو ممبر ٹیگز، کسٹم ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
نئے ممبر ٹیگز فیچر کے ذریعے صارفین ہر گروپ چیٹ میں اپنے لیے ایک مخصوص کردار یا شناخت مقرر کرسکتے ہیں۔ یہ ٹیگز پیغامات کے ساتھ اور گروپ کے شرکا کی فہرست میں نظر آئیں گے، جس سے گروپ ممبرز کو فوری طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی کہ کون کس ذمہ داری میں ہے۔ چونکہ یہ ٹیگز خود صارف مقرر کرتا ہے، اس لیے انہیں کسی ایڈمن کی اجازت کے بغیر جب چاہیں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ نے صارفین کے اظہار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیکسٹ اسٹیکرز کا نیا فیچر بھی شامل کیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین اسٹیکر براؤزر میں براہ راست الفاظ ٹائپ کر سکتے ہیں، جو خودکار طور پر دلکش اسٹیکر ڈیزائن میں تبدیل ہو جائیں گے۔
گروپ ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے لیے واٹس ایپ میں ایونٹ ریمائنڈرز کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس میں نوٹیفکیشن کے اوقات اپنی مرضی سے منتخب کیے جا سکتے ہیں۔
ایونٹ بناتے وقت صارف یہ طے کر سکتا ہے کہ شرکا کو کب یاد دہانی موصول ہو، جس سے ملاقاتوں، تقریبات اور حتیٰ کہ کالز کی بہتر تیاری ممکن ہو سکے گی۔ واٹس ایپ کے مطابق ایونٹس کی تمام تفصیلات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گی۔
واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز مرحلہ وار دنیا بھر میں متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایپ کو اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ دستیاب ہوتے ہی ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مزیدپڑھیں:خوشخبری ، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام 2026کی اپ ڈیٹ جانیے
