Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

گوگل جیمنی میں ’پرسنل انٹیلیجنس فیچر متعارف، ایپل کے لیے نیا چیلنج

لاس اینجلس(نیوز ڈیسک)طویل عرصے سے ڈیجیٹل منصوبہ بندی صارفین کے لیے ایک مشکل کام بنا ہوا تھا کیونکہ مختلف کام انجام دینے کے لیے انہیں بار بار الگ الگ ایپس استعمال کرنی پڑتی تھیں۔ تاہم اب گوگل نے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نیا اپڈیٹ متعارف کرا دیا ہے۔

الفابیٹ کی ذیلی کمپنی گوگل نے حال ہی میں اپنے جیمنی پلیٹ فارم میں ’پرسنل انٹیلیجنس‘ فیچر لانچ کیا ہے جس کا مقصد صارفین کو روزمرہ کے کام منظم کرنے اور مختلف گوگل ایپس سے معلومات اکٹھی کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

دیگر مصنوعی ذہانت یا اے آئی ٹولز کے برعکس جو صرف انٹرنیٹ ڈیٹا تک محدود ہوتے ہیں پرسنل انٹیلیجنس صارف کی ذاتی دنیا کو بہتر انداز میں سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ فیچر جی میل، گوگل فوٹوز اور یوٹیوب جیسی ان ایپس کا تجزیہ کرتا ہے جنہیں صارف سب سے زیادہ استعمال کرتا ہے، تاکہ ایک ذاتی نوعیت کا معاون (پرسنل اسسٹنٹ) بن سکے۔

گوگل لیبز اور جیمنی ایپ کے نائب صدر جوش وڈورڈ کے مطابق چاہے وہ آپ کی ای میلز کے کسی تھریڈ کو دیکھی گئی ویڈیو سے جوڑنا ہو یا فوٹو لائبریری میں موجود باریکیوں کو سمجھنا اب جیمنی بغیر یہ بتائے کہ کہاں دیکھنا ہے خود سیاق و سباق کو سمجھ لیتا ہے۔

یہ فیچر صارفین کے لیے کئی کام آسان بنا دے گا۔ مثال کے طور پر اب انہیں فلائٹ کی تفصیلات کے لیے درجنوں ای میلز کھنگالنے یا کسی خاص یاد کی تصویر تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ جیمنی کی پرسنل انٹیلیجنس یہ تمام کام خود انجام دے گی اور صارف کی پسند اور شیڈول کے مطابق ایک ذاتی منصوبہ تیار کرے گی۔

گوگل کے مطابق پرسنل انٹیلیجنس کو پرائیویسی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ فیچر مکمل طور پر اختیاری ہے اور صارفین کو اس پر مکمل کنٹرول حاصل ہوگا۔ وہ اپنی مرضی سے ایپس کو لنک کر سکتے ہیں اور کسی بھی وقت چیٹ ہسٹری ڈیلیٹ کرنے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ فیچر اس وقت بیٹا مرحلے میں ہے اور صرف امریکا میں گوگل اے آئی پرو الٹرا صارفین کے لیے دستیاب ہے لیکن گوگل مستقبل میں اسے دیگر صارفین اور مختلف زبانوں میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے چشمے سوشل میڈیا پر وائرل، قیمت کتنی؟

یہ بھی پڑھیں