صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں ملک کے متعدد حصوں کو گرمی کی لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پاکستان کے محکمہ موسمیات کے اپریل کے ماہانہ آؤٹ لک کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں موسم معمول سے قدرے گرم ہو سکتا ہے۔
29 مارچ کو جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ درجہ حرارت 1991-2020 کے درجہ حرارت کے مقابلے اوسط سے تھوڑا زیادہ بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نارمل درجہ حرارت سے زیادہ گرم ہونے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اوسط درجہ حرارت سے سب سے زیادہ انحراف ملک کے شمالی علاقوں بشمول خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہوگا۔
تاہم، پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت دیکھا جا سکتا ہے اور خاص طور پر بڑے شہروں میں یہ مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔
دریں اثنا، بارش کی سطح اس اوسط کی طرف بڑھے گی جو عام طور پر اپریل کے مہینے میں ہوتی ہے۔
اتھارٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو سروسز دونوں کو اپنی تیاریاں پہلے سے مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔