لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ جانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔اسموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق مشرقی علاقوں سے آنے والی ہواؤں کے باعث آج شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 195 سے 210 تک رہنے کا امکان ہے، جو کہ مضرِ صحت کی کیٹیگری میں آتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سطح انسانی صحت، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔محکمہ ماحولیاتی تحفظ کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت کم ہونے کے باعث فضا میں آلودہ ذرات طویل وقت تک معلق رہتے ہیں، جس سے اسموگ میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ شہری علاقوں، خاص طور پر صنعتی زونز اور گنجان آباد علاقوں میں فضائی آلودگی کی شدت سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ آلودگی والے علاقوں میں اینٹی اسموگ واٹر گنز کا استعمال جاری ہے تاکہ فضا میں معلق ذرات کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور اسکولوں، دفاتر اور پبلک مقامات پر بھی اسموگ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ماہرین صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، کھلی فضا میں ورزش سے گریز کریں، اور بچوں کو خاص طور پر اسموگ کے اوقات میں باہر لے جانے سے پرہیز کریں۔
مزید پڑھیں : اربوں کی کرپشن ہوشر با انکشافات



