اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ اسی طرح جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے چند علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی اور اس کے مضافات میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ اور شانگلہ سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ ممکنہ بارشوں کے باعث مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس سے قراقرم ہائی وے سمیت متعدد اہم شاہراہیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں، پہاڑی راستوں اور سیاحتی مقامات پر الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں۔بجلی کے بل کا نیا اور آسان فارمیٹ ملک بھر میں متعارف کروا دیا گیا


