ابوظہبی (نیوز ڈیسک)اگر آپ کو معلوم نہیں تو جان لیں کہ آپ پاکستان، امریکا یا یورپ کہیں بھی رہتے ہوئے ابوظبی میں شادی کرسکتے ہیں۔
درحقیقت یہ ورچوئیل یا آن لائن شادی ہوگی۔
دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے جوڑے ابوظبی کی حکومتی ایپ کے ذریعے شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں اور انہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قدم رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
یو اے ای کے دارالحکومت میں اس کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرائی گئی جسے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے جوڑے آن لائن شادی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
ایسا TAMM ایپ اور ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ پلیٹ فارمز سے ممکن ہوگا۔
تو یہ ایپ کیسے کام کرتی ہے؟ آپ کو بس اپنی بہترین ڈیوائس کو تیار رکھنا ہے جبکہ کچھ دستاویزات اور ایک مستحکم انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوگی۔
اس ایپ کو اوپن کرکے شادی کے فارم کو بھریں، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کریں، شادی کی رسومات مکمل کرنے والے فرد کو بک کریں اور ورچوئل تقریب کا مزہ لیں، یہ سب کام 24 گھنٹے کے اندر مکمل ہوں گے۔
اس آن لائن شادی کی فیس 800 یو اے ای درہم (61 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔
یو اے ای سے باہر سے تعلق رکھنے والے افراد کو وہاں اپنی نمائندگی کے لیے ایک وکیل یا کسی نمائندے کی ضرورت ہوگی۔
شادی کی آن لائن تقریب کے بعد جوڑوں کو ایک حکومتی طور پر منظور شدہ میرج سرٹیفکیٹ بھی ملے گا، جو کہ یو اے ای سمیت دنیا بھر میں قابل قبول ہوگا۔
مزید 300 درہم ادا کرکے اس سرٹیفکیٹ کو بیرون ملک سرکاری استعمال کے لیے ٹیسٹ بھی کرایا جاسکتا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد ذاتی زندگی کے قوانین کو جدید بنانا، حکومتی سروسز کو بہتر بنانا اور لوگوں کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یو اے ای میں کووڈ 19 کی وبا کے دوان اس طرح کی آن لائن تقریبات کے حوالے سے تجربات کیے گئے تھے، مگر اب اس کا نیا ورژن زیادہ وسیع پیمانے کے لیے ہے۔
