Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

شوہر کی موت کے لیے ذائقے دار بریانی کی تیاری، پوسٹ مارٹم نے بیوی کو کیسے پکڑوایا؟

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک )رات کے کھانے میں بریانی عام طور پر خوشی کا باعث بنتی ہے، مگر بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک شخص کے لیے یہی بریانی آخری کھانا ثابت ہوئی۔

چلوور گاؤں میں پیاز کے ایک تاجر نے دن بھر کی تھکن کے بعد گھر آ کر کھانا کھایا، جو اس کی بیوی نے خوشبودار بریانی کی صورت میں پیش کیا۔

مذکورہ جوڑا 2007 سے شادی کے بندھن میں تھا، بیوی نے اپنی تیارکردہ بریانی میں تقریباً 20 نیند کی گولیاں ملا دی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا اپنے ایک مرد ساتھی کے ساتھ مبینہ تعلق تھا اور وہ اپنے شوہر کو اس تعلق میں رکاوٹ سمجھتی تھی۔


ایک ساتھ زندگی گزارنے کی خواہش میں خاتون نے اپنے مبینہ عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

18 جنوری کو اس ضمن میں تیار کی گئی خواب آور بریانی شوہر کو کھلا دی گئی۔

رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے جب وہ بے ہوش ہو گیا تو خاتون کا ساتھی، جو پہلے سے موقع پر موجود تھا، گھر میں داخل ہوا۔

اس نے تاجر کے سینے پر بیٹھ کر اسے دبوچ لیا جبکہ خاتون نے تکیے سے اس کا منہ بند کر دیا۔

موت کی تصدیق کے بعد مرد موقع سے فرار ہو گیا جبکہ خاتون پوری رات لاش کے پاس بیٹھی رہی۔

صبح اس نے شور مچایا اور دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔

تاہم رشتہ داروں نے مقتول کے کان کے قریب سوکھے ہوئے خون کے دھبے اور جسم پر چوٹوں کے نشانات دیکھ کر شک ظاہر کیا۔

پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا تو معلوم ہوا کہ موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی تھی۔

جس کے بعد خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ناخن بولتے ہیں: ان کے 7 رنگ انسانوں کو کیا اشارہ دیتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں