جے پور(ویب ڈیسک) جے پور کے علاقے جگت پورہ میں شادی کی ایک پُررونق تقریب میں ایک نامعلوم شخص مہمان بن کر آیا اور دلہن کا قیمتی بیگ لے اڑا۔ بیگ میں تقریباً چار لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی موجود تھی۔
پولیس کے مطابق نوین کرول کی شادی کی تقریب جاری تھی اور رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر دولہا اور دلہن اسٹیج پر فوٹو شوٹ میں مصروف تھے۔ اس دوران اسٹیج کے قریب مہمانوں کا رش تھا کہ ایک خوش لباس شخص خاموشی سے ہجوم میں شامل ہوگیا، جس پر کسی کو ذرہ برابر شک نہ ہوا۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم پُراعتماد انداز میں اسٹیج کے قریب پہنچا، چند لمحوں میں دلہن کا بیگ اٹھایا، اسے اپنے بلیزر میں چھپایا اور اطمینان سے وہاں سے نکل گیا۔ تقریب میں مصروف اہلِ خانہ اور مہمانوں کو واردات کا علم تک نہ ہو سکا۔
فوٹو شوٹ ختم ہونے کے بعد جب دلہن کو بیگ نہ ملا تو تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ موقع پر تلاش کے باوجود کچھ برآمد نہ ہونے پر اہلِ خانہ نے ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا، جس میں ملزم کی واضح تصاویر سامنے آئیں۔
دولہا کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ایران جوہری معاہدے کیلئے سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار ہے: ایرانی نائب وزیر خارجہ


