لاپاز(اوصاف نیوز)جنوبی امریکی ملک بولیویا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہو گئے ہیں۔
بولیویا کے حکام کے مطابق بولیوین فضائیہ کا سی -30 ہرکیولس طیارہ موسم کی خرابی کے باعث دارالحکومت لا پاز قریب واقع شہر ایل آلٹو میں ایک مصروف شاہراہ پر گر کر تباہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ سانتا کروز دی لاسیرا سے روانہ ہوا تھا جسے پرواز کے دوران موسمی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، وزارت دفاع نے مزید تفصیلات بتائے بغیر حادثے کی تصدیق کردی ہے۔
حادثے کے نتیجے میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ شاہراہ پر موجود متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کے بعد ایل آلٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسم طیارہ گرنے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بیوہ سہارا کارڈ اسکیم 2026 کا باقاعدہ اعلان،رجسٹریشن جاری


