نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو(Kathmandu) میں ترک فضائی کمپنی کے ایک مسافر طیارے میں لینڈنگ کے فوراً بعد آگ لگنے کے واقعے نے ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال پیدا کر دی۔
جس کے باعث ہوائی اڈے کو تقریباً ایک گھنٹے کیلئے بند کرنا پڑا، خوش قسمتی سے تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق ترکی کے شہر استنبول سے آنے والا مسافر طیارہ جب کھٹمنڈو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تو اچانک اس کے پچھلے دائیں پہیے میں آگ بھڑک اٹھی، واقعے کے فوراً بعد امدادی اداروں اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کارروائی شروع کردی جبکہ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
نیپال کی سول ہوا بازی اتھارٹی کے مطابق طیارے میں 277 مسافر اور 11 عملے کے ارکان سوار تھے، تمام افراد کو ہنگامی راستوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سینیٹ ارکان کے بچوں کے پاسپورٹ سے متعلق بڑی خبر آگئی
حکام کا کہنا ہے کہ آگ معمولی نوعیت کی تھی جس پر بروقت قابو پا لیا گیا، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ہوائی اڈے کی سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے معطل رکھی گئیں۔متاثرہ طیارے کو بعد ازاں رن وے سے ہٹا کر مخصوص مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے باعث ایئرپورٹ پر موجود دیگر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
