Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

بنگلا دیش نے پاسپورٹ پر ’سوائے اسرائیل‘ کی شرط دوبارہ بحال کردی

بنگلا دیش پاسپورٹ اسرائیل

بنگلا دیش پاسپورٹ اسرائیل سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے دوبارہ پاسپورٹ میں ’سوائے اسرائیل‘ کے الفاظ شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس فیصلے کو بنگلا دیش کی خارجہ پالیسی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی قرار دیا جا رہا ہے۔

بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عام شہریوں کے پاسپورٹس میں دوبارہ یہ عبارت شامل کی جائے گی کہ “یہ پاسپورٹ دنیا کے تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے، سوائے اسرائیل کے”۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی پاسپورٹس میں اس فیصلے پر پہلے ہی عملدرآمد کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی جذبات، تاریخی مؤقف اور فلسطین کے معاملے پر بنگلا دیش کی مستقل پالیسی کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 2021 میں عوامی لیگ حکومت کے دور میں ای پاسپورٹ سروس شروع کرتے وقت یہ عبارت ہٹا دی گئی تھی، جس پر شدید تنقید سامنے آئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال عبوری حکومت نے بھی اس عبارت کی بحالی کی ہدایت جاری کی تھی، تاہم مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا۔ اب موجودہ حکومت نے اسے دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش اور اسرائیل کے درمیان آج تک سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوئے۔ 1971 میں پاکستان سے علیحدگی کے بعد بنگلا دیشی پاسپورٹ پر بھی پاکستان کی طرح یہی عبارت درج کی جاتی رہی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹس کے واٹر مارکس اور تصاویر میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جن میں نئی قومی علامات اور عوامی تحریک سے جڑی تصاویر شامل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں