کراچی ( اوصاف نیوز)کراچی سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ غیر معینہ مدت تک کیلئے معطل کردی گئی، تمام گیٹ پاسز منسوخ کردیئے گئے، جس کے باعث کنٹینرز کی قطاریں لگ گئیں جبکہ پاک افغان طورخم بارڈر پر بھی تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی پورٹ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ترسیل روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ہیڈ کوارٹر کسٹمز ہاؤس کراچی میں ڈی جی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد جاری کسٹمز جنرل آرڈر میں کہا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کی جا رہی ہے، کوئٹہ اور پشاور کسٹم اسٹیشنز پر مزید کنیٹنرز کھڑے کرنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہےلہٰذا گاڑیوں پر لوڈ کردہ کنٹینرز کو آف لوڈ کردیا جائے جبکہ تاحکم ثانی افغان ٹرانزٹ کے تمام پاسز منسوخ اور نقل و حمل روک دی جائے۔
کسٹمز کے آرڈر کے بعد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے تمام ٹرمینلز نے افغان ٹرائزٹ ٹریڈ کی کلیئرنس روک دی ہے، جس کے باعث بندرگاہوں پر کنٹیرز سے لدی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
دوسری جانب دونوں ملکوں میں کشیدگی کے باعث پاک افغان طورخم بارڈر آج 5 ویں روز بھی بند اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ بارڈر کی بندش سے مال بردار گاڑیاں دونوں جانب پھنسی ہوئی ہیں جس کے باعث تاجر پریشان، مقامی مزدور بے روزگار اور بارڈر کھولنے کے خواہاں ہیں۔
تاجر برادری اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مسئلے کا حل مذاکرات سے نکالا جائے، ہم امن چاہتے ہیں کسی جنگ کے حامی نہیں۔
مزید پڑھیں:کچے کے ڈاکو سرنڈر کریں : شرجیل میمن

