ایرانی ریال ریٹ پاکستان میں آج بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی خرید و فروخت میں مسلسل سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔
کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے کرنسی ڈیلرز کے مطابق 1 کروڑ ایرانی ریال یعنی 10 ملین ریال کا بنڈل پاکستانی اوپن مارکیٹ میں 8 ہزار سے 10 ہزار روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔ یہ شرح چند ماہ قبل کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ پہلے یہی بنڈل تقریباً 2500 روپے میں دستیاب تھا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق غیر رسمی اوپن مارکیٹ میں اس وقت تقریباً 1 پاکستانی روپیہ 1000 ایرانی ریال کے برابر تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی یا آفیشل شرح تبادلہ کے مطابق 1 پاکستانی روپیہ تقریباً 4700 سے 4750 ایرانی ریال خرید سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایرانی ریال کی مانگ دو بڑی وجوہات کی بنا پر بڑھ رہی ہے۔ پہلی وجہ سرمایہ کاری اور قیاس آرائیاں ہیں، جہاں کچھ خریدار مستقبل میں ایران سے متعلق عالمی پابندیوں میں نرمی یا سفارتی پیش رفت کے باعث ریال کی قدر بڑھنے کی امید پر خریداری کر رہے ہیں۔
دوسری اہم وجہ ایران کے ساتھ سرحدی تجارت ہے، خاص طور پر بلوچستان کے راستے ہونے والی تجارت میں ایرانی کرنسی کا استعمال اب بھی جاری ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات، خوراک اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت کیلئے نقد ریال کی طلب برقرار ہے۔
کرنسی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال عالمی سطح پر اب بھی غیر مستحکم کرنسیوں میں شمار ہوتا ہے، اس لیے عام سرمایہ کاروں کو جعلی نوٹوں اور اچانک قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔