پشاور میں ایک گھر سے 2 بچوں سمیت 3 افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں ۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
پشاور کے علاقے فقیر آباد کے ایس پی بلال شاہ نے بتایا کہ فقیرآباد میں ایک گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور اس کے 2 بچے شامل ہیں۔پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تینوں افراد مردہ حالت میں پائے گئے، پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور میں اموات کی وجہ زہریلا مواد معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس تفتیش جاری ہے۔ایس پی کے مطابق پولیس ٹیم تمام پہلووں سے تفتیش کر رہی ہے اور بیانات بھی قلمبند کئے جا رہے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔