راولپنڈی(نیوزڈیسک) راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ دسمبر 2024تک مکمل کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ڈیڈ لائن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مقررکی ہے.
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے بتایاکہ راولپنڈی رنگ روڈ کو تین فیزز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فیز ون میں 38اعشاریہ تین کلومیٹر بانٹھ تا ٹھلیاں کی تعمیر ہے۔ فیز ٹو میں اس روڈ کو موٹروے سے لنک اور فیز تھری میں ایسٹرن لوپ شامل ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ستمبر2023ء سے شروع ہونیوالے اس منصوبے کے فیز ون کو مکمل کرنے کیلئے دسمبر 2024ء تک تکمیل کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ اپنی تکمیل کے بعد یہ انڈسٹریل حب کے طور پر سامنے آئیگا۔ دادوچھہ ڈیم سے راولپنڈی کو 35ملین گیلن روزانہ پینے کا صاف پانی فراہم ہو سکے گا۔
ان کے مطابق دیگر منصوبوں میں لئی ایکسپریس وے، کچہری چوک، سیف سٹی پراجیکٹ، واٹر سپلائی سکیمز، ہولی فیملی و بینظیر بھٹو ہسپتال کی ری ومپنگ شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راولپنڈی ضلع 4403مربع کلومیٹر پر مشتمل 7تحصیلوں کا ضلع ہے جس میں کل آبادی 5اعشاریہ 745ملین ہے۔ 315سکیمز میں سے 89نئی جبکہ 227جاری سکیمیں ہیں۔


