(گزشتہ سے پیوستہ)
اب اردو کی خصوصی حیثیت کو قانون سازی کے ذریعے ختم کر دیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں اردو اور انگریزی کے علاوہ ہندی، کشمیری اور ڈوگری کو سرکاری زبانیں بنا دیا گیا ہے۔ اب کشمیری زبان کے رسم الخط کو نستعلیق سے دیوناگری رسم الخط میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔بی جے پی حکومت جموں و کشمیر میں حتمی انتخابات کے لئے شدید جبر، آبادیاتی تبدیلیوں اور انتخابی نقشے کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اس کا مقصد اگست 2019 کی اپنی کارروائی کو مستحکم اورجائز بنانا ہے اور دہلی کو یہ دعوی کرنے کے قابل بنانا ہے کہ جموں و کشمیر میں حالات کومعمول بنا دیا گیا ہے۔ خطے کی نیم خود مختار حیثیت کو منسوخ کرنا،مقامی خصوصی شہریت کے قانون کو ختم کرنے جیسے اقدامات اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے متوازی ہیں۔غیر کشمیری باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ فراہم کرنا اختتام کی شروعات ہے۔ یہ کشمیر کا ایک اور فلسطین بننے کا آغاز ہے۔ وہ وقت آچکا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے ہیں۔ ڈومیسائل قوانین میں غیر متعینہ تعداد میں بیرونی بھارتی افراد کو رہائش اور ملازمتوں کے اہل بنایا گیا۔نئے قانون کے مطابق کوئی بھی شخص جو خطے میں 15 سال سے رہا ہو، یا اس خطے میں سات سال سے تعلیم حاصل کر کے دسویں جماعت یا بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہو وہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اہل ہے۔اس کے علاوہ، ہندوستانی سرکاری ملازمین کے بچے جنہوں نے ریاست میں 10 سال تک خدمات انجام دی ہیں، مقامی رہائشی حقوق کے حصول اور دعوی کرنے کے اہل ہیں۔یہ قانون تب بھی لاگو ہوتا ہے چاہے بچے کشمیر میں نہ رہے ہوں۔اس وقت خطے میں خدمات انجام دینے والے 66 اعلیٰ بیوروکریٹس میں سے 38 دیگر ہندوستانی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بیرونی ہیں۔ بہت سے دوسرے باہر کے لوگ بھارتی مرکزی حکومت کے مختلف اداروں جیسے بینکوں، ڈاکخانوں کی ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات، سیکورٹی اداروں اور یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ دنیا میں قوانین عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بنتے ہیںوہیں مودی حکومت مسلمانوں کومعاشی طور پر مفلوک الحال بنانے، بے اختیار کرنے اور انتقامی سزا دینے کے لئے کالے قوانین بنا رہی ہے۔نئے اراضی قوانین کے تحت کشمیریوں کو جبری طورپر انکی زمینوں سے بے دخل کرنے کے اس جابرانہ قانون مسلمانوں کی توہین کی جا رہی ہے۔بندوق،فوجی طاقت، ریاستی دہشت گردی کے وحشیانہ استعمال اور مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کوکچلنے میں ناکام ہونے کے بعدمقبوضہ علاقے میں کشمیریوںکو انکی زمینوں سے بے دخل کرنے کیلئے اراضی کا نیا قانون متعارف کرایا گیا ۔
تجاوزات کے نام پر کشمیریوں کو انکی اراضی سے بے دخل کرنا بی جے پی کا سیاہ کارنامہ ہے۔ وادی چناب اور پیر پنجال کے مسلمانوں کوانکی زمینوں اور دیگر جائیدادوں سے بے دخل کرنے کا مقصد کشمیریوں کو ہجرت کرنے پر مجبورکرنا ہے۔قابض حکام جموں میں انسداد تجاوزات مہم کے نام پر مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کر رہے ہیں۔نام نہاد روشنی ایکٹ کے تحت مسلمانوں کے گھر گرائے جا رہے ہیںمگر بی جے پی اپنے رہنمائوںکے گھر نہیں گرا رہی ہے۔ بھارتی عدالتیں بھی قوم پرست بی جے پی کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہیں۔محمد مقبو ل بٹ کے بعد افضل گورو کو انصاف کے بجائے اکثریتی ہندو آبادی کی تسکین کے لئے یک طرفہ طور پر پھانسی دی گئی۔ دونوں شہیدوں کو بدنام زمانہ تیاڑ جیل میں ہی گڑھے کھود کر ڈال دیا گیا۔اب مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز انتقامی کارروائی کرتے ہوئے آزادی پسندوں کی ملکیت کی آڑ میں رہائشی گھروں کو بلڈوز کررہی ہے ۔ اب یہی واردات جموںخطے سمیت بھارتی ریاستوں میں بھی دوہرائی جا رہی ہے۔انسانی حقوق کے گروپوں کا اندازہ ہے کہ خطے میں ہر سترہ شہریوں کے لیے ایک مسلح شخص اور ہر مربع کلومیٹر زمین پر تقریبا سات مسلح اہلکار موجود ہیں۔ زمین کی ملکیت کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے، آرٹیکل 35A نے بیرونی مداخلت کے خلاف کشمیر کے دفاع کی بنیادی لائن کے طور پر کام کیا۔ بھارت خطے کی نسلی اور مذہبی ساخت کو کمزور کرنے کے لئے غیر کشمیری آباد کاروں کو کشمیر میں داخل کرنے کا مقصد مقامی زمینوں پر قبضہ کرنا ہے بلکہ ان مقامی لوگوں کو ختم کرنا بھی ہے جو ان کی راہ میں حائل ہیں۔قانون اکثر آبادکاری کے نوآبادیاتی منصوبوں میں مقامی برادریوں کو مٹانے اور ان کے خاتمے میں سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کشمیر میں ہندوستان کے آبادی نوآبادیاتی منصوبے کو تیز کررہی ہے۔: بھارت اب خطے کی مسلم اکثریتی آبادی کو کمزور کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو بھرتی کررہا ہے۔ آباد کار نوآبادیات کا بنیادی مقصد نوآبادیاتی علاقے پر مستقل طور پر قبضہ کرنا ہے۔آباد کار ریاستیں آباد کاروں کی کلاسوں کو بھرتی کرتی ہیں جو کسی اور کی سرزمین پر ایک نئی ریاست قائم کرنے کے لئے اپنے ساتھ ایک مطلوبہ خودمختار استحقاق لے کر آتی ہیں۔ خود مختاری کا وعدہ برٹش انڈیا کی تقسیم کے بعد کشمیریوں سے کیا گیا تھا۔کشمیر کے قانونی فریم ورک میں حالیہ تبدیلیاں برٹش انڈیا کی تقسیم میں خطے کی متنازعہ کہانی سے ملتی ہیں۔اگر چہ آرٹیکل 370 کا خود مختاری کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ تقسیم کے بعد کے سالوں میں، سینتالیس صدارتی احکامات نے ہندوستانی آئین کے 395 آرٹیکلز میں سے 260 کو کشمیر تک بڑھا دیا۔