معاشرتی نظم و ضبط، احساسِ ذمہ داری اور اخلاقی جرات کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتے ہیں۔ یہی اوصاف وہ پہلی اینٹ ہیں جن پر ایک پائیدار، خوشحال اور منظم معاشرہ تعمیر کیا جاتا ہے۔ اگر ان صفات کا فقدان ہو تو قانون، ترقی، امن اور تہذیب محض الفاظ بن کر رہ جاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ قانونی سزاں اور ضوابط سے کہیں زیادہ طاقتور قوت، فرد کا اندرونی اخلاقی نظام ہوتا ہے، جو اسے اچھائی کی ترغیب اور برائی سے روکنے کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ہر معاشرہ دو سطحوں پر چلتا ہے: ایک سماجی سطح، جو اقدار اور روایات پر قائم ہوتی ہے اور دوسری ریاستی سطح، جو قوانین اور ضابطوں کی نمائندہ ہوتی ہے۔ سماجی اصول انسان کے شعور اور تربیت سے جڑے ہوتے ہیں، جب کہ قانونی ضابطے ریاستی اداروں کے ذریعے نافذ کیے جاتے ہیں۔ دونوں میں توازن اور ہم آہنگی ایک صحت مند معاشرے کی علامت ہے۔ سماجی نظم و ضبط کی ابتدا گھر سے ہوتی ہے۔ بچپن میں جب بچہ ذہنی، جذباتی اور اخلاقی طور پر نرم و نازک ہوتا ہے، وہی وقت ہوتا ہے جب اس کی شخصیت کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ جس طرح ایک نازک پودے کو جس سمت باندھا جائے وہ اسی جانب پروان چڑھتا ہے، اسی طرح ایک بچے کی فطرت و عادات بھی ابتدائی تربیت کے رخ پر ڈھلتی ہیں۔ والدین، اساتذہ اور گرد و پیش کا معاشرہ اس کی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔اگر ایک بچہ گھر سے سچ بولنے، اپنی باری کا انتظار کرنے، قانون کا احترام کرنے، بڑوں کا ادب کرنے اور نظم و ضبط کی پابندی کا عادی ہو تو وہی عادتیں اسے ایک ذمہ دار شہری بناتی ہیں۔
دوسری طرف اگر گھر سے ہی قانون شکنی، دھونس، فریب اور خودغرضی کا سبق ملے تو وہی بچہ کل کو معاشرے میں بدنظمی اور بگاڑ کا سبب بنتا ہے۔ہمارے معاشرے میں انفرادی سطح پر اخلاقی جرات کا فقدان بڑھتا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر سڑک پر زیبرا کراسنگ پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص ہے، لیکن اکثر ڈرائیور بے فکری سے وہاں اپنی گاڑیاں روک دیتے ہیں۔ آس پاس موجود افراد اس پر تنبیہ کرنے سے کتراتے ہیں، شاید ڈر سے یا شاید لاپروائی سے۔ یہی رویہ وقت کے ساتھ قانون شکنی کو معمول بنا دیتا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جب ہم خاموشی سے بدعنوانی، زیادتی یا قانون شکنی دیکھتے ہیں اور ردِعمل نہیں دیتے، تو ہم بھی اس جرم میں برابر کے شریک بن جاتے ہیں۔دوسری جانب، ترقی یافتہ معاشروں میں یہ رویے دیکھنے کو نہیں ملتے۔ وہاں اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے تو آس پاس موجود افراد فورا ردِعمل دیتے ہیں۔ قطار میں کھڑے لوگ اپنی باری کا صبر سے انتظار کرتے ہیں، کوئی شخص اگر زبردستی آگے جانے کی کوشش کرے تو اسے روک دیا جاتا ہے۔ وہاں کا شہری نظام قانون کی پاسداری اور اجتماعی نظم پر استوار ہوتا ہے۔ یہ کوئی اچانک ہونے والا انقلاب نہیں بلکہ صدیوں کی اجتماعی تربیت، شعور اور اخلاقی محنت کا نتیجہ ہے۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں قانون شکنی کو بہادری یا چالاکی سمجھا جاتا ہے۔ سگنل توڑنا، غلط پارکنگ کرنا، قطار میں آگے گھسنا، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا عام بات ہے۔ یہی نہیں، اگر کوئی شہری اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کو ان کی غلطی پر توجہ دلائے تو الٹا وہی شخص بدتمیزی اور جھگڑے کا نشانہ بن جاتا ہے۔یہ رویہ نہ صرف ہماری اجتماعی نفسیات کا عکاس ہے بلکہ ہماری تربیتی کمزوریوں کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔ ہم میں سے اکثر لوگ معاشرتی بے راہ روی کے خلاف آواز اٹھانے سے گریز کرتے ہیں۔ چاہے وہ کوئی پارک ہو جہاں واک ٹریک کے اصول کی خلاف ورزی ہو رہی ہو یا کوئی عوامی مقام ہو جہاں قطار کو توڑا جا رہا ہو ہم خاموش تماشائی بن کر کھڑے رہتے ہیں۔اس رویے کو تبدیل کرنے کے لیے ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر خود احتسابی، اخلاقی جرات اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہو گا۔ ہر شہری کو یہ سکھایا جانا چاہیے کہ صرف خود قانون کی پابندی کافی نہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس کا پابند بنانا ایک قومی فریضہ ہے۔
معاشرتی تبدیلی کا آغاز ہمیشہ فرد سے ہوتا ہے۔ اگر ہر فرد اپنے حصے کی شمع جلائے تو اندھیرا خود بخود چھٹ جاتا ہے۔ ہمیں اپنے گھروں، اسکولوں، مساجد، اور دیگر سماجی اداروں کو کردار سازی کی تربیت گاہوں میں بدلنا ہوگا۔ بچے کو ابتدا سے سچائی، قانون پسندی، نظم و ضبط، صبر، شائستگی اور برداشت سکھانی ہوگی۔ ان صفات کے بغیر نہ کوئی معاشرہ مہذب بن سکتا ہے، نہ ریاست ترقی کر سکتی ہے۔آخر میں، یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ ریاستی ادارے صرف قانون نافذ کر سکتے ہیں، کردار سازی صرف سماج ہی کر سکتا ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا وطن بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو، تو ہمیں ذاتی، خاندانی، تعلیمی اور معاشرتی سطح پر سیلف ڈسپلن، اخلاقی جرات اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو اجاگر کرنا ہوگا۔ہمیں خود سے آغاز کرنا ہوگا۔ کیونکہ جب ایک فرد بدلتا ہے تو خاندان، محلہ، شہر، اور پھر پورا ملک بدلتا ہے۔ ایک مہذب، قانون پسند اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کی تعبیر، صرف اور صرف ایک باکردار اور نظم و ضبط رکھنے والے شہری سے ممکن ہے۔