Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

مودی سرکار‘ تکبر سے تباہی تک

وقت کی بے رحم آندھی نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے وہ جمہوریت اور سیکولرازم جس کا نقاب اوڑھ کر دہائیوں تک دنیا کو دھوکہ دیا جاتا رہا، اب اتر چکا ہے۔ بھارت جس کو اپنی بڑھتی آبادی، وسیع تجارتی مارکیٹ اور عسکری طاقت پر ناز تھا، آج وہی بھارت سفارتی تنہائی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوی کرنے والا ملک اب دنیا کی سب سے بڑی منافقت کا استعارہ بن چکا ہے۔بھارت کی موجودہ ابتری اور زوال کی اصل وجہ اس کا تکبر اور توسیع پسندانہ رویہ ہے۔ خطے میں چوہدری بننے کا جنون اس پر اس قدر سوار ہے کہ اپنے ہر پڑوسی کے ساتھ تنازع کھڑا کر چکا ہے۔ کبھی سرحدی تنازع، کبھی داخلی معاملات میں مداخلت، کبھی چھوٹے ممالک کے علاقوں پر زبردستی قبضہیہ بھارت کا رویہ رہا ہے۔ چین اور پاکستان سے جنگیں لڑنا، نیپال کے ساتھ سرحدی تنازع کھڑا کرنا، سری لنکا میں تامل باغیوں کی پشت پناہی کرنا اور بنگلہ دیش کو ذیلی ریاست کے طور پر ٹریٹ کرنا، یہ سب بھارت کی تاریخ کا حصہ ہیں۔مغربی طاقتوں کی وقتی قربت اور عسکری حجم کے باعث بھارت کا بھرم کچھ عرصہ قائم رہا۔ لیکن جب اقتدار مودی سرکار کے ہاتھ آیا تو بھارت کا اصل چہرہ دنیا پر واضح ہو گیا۔ مودی حکومت نے نہ صرف ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی پالیسی اپنائی بلکہ بھارت کی اقلیتوں کی زندگی بھی اجیرن کر دی۔ مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے۔ آر ایس ایس کے غنڈوں کو کھلی چھٹی ملی کہ وہ سرعام مساجد گرا دیں، گھروں کو مسمار کر دیں اور مسلمانوں کی عزت و جان سے کھیلیں۔ انسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں پار کر دی گئیں۔ کشمیر اور خالصتان سمیت کئی ریاستوں میں آزادی کی تحریکیں زور پکڑنے لگیں۔ ان تحریکوں کو دبانے کے لئے بھارتی فوج کو بے رحمی سے استعمال کیا گیا۔مودی سرکار نے سیکولرزم کے چہرے کو ہندوتوا کے خنجر سے نوچ ڈالا۔
آج بھارت کا ہر اہم ادارہ اور حکمران طبقہ شدت پسندی اور تکبر کی لپیٹ میں ہے۔ وزیر اعظم سے لے کر وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور سلامتی کے مشیر تک سب کے سب انتہا پسند سوچ کے حامل ہیں۔ را جیسے خفیہ اداروں کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی محاذ پر بھی دہشت گردانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ درجنوں فالس فلیگ آپریشن کیے گئے، جن میں اپنی ہی فوج کو نشانہ بنایا گیا اور الزام پاکستان پر دھر دیا گیا تاکہ دنیا کو گمراہ کیا جا سکے۔ مغربی طاقتیں بھارت کی اس بدمعاشی پر طویل عرصہ خاموش رہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عالمی قوانین کی پامالی کے باوجود بھارت کو رعایتیں ملتی رہیں۔ مغربی دنیا کی قربت اور اسرائیل و امریکہ سے گہری دوستی نے بھارت کو مزید متکبر بنا دیا۔ لیکن جب قطر میں بھارتی نیوی کے ریٹائرڈ اہلکار جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہو کر سزائے موت تک پہنچے، تب دنیا کو اندازہ ہوا کہ بھارت اپنی سرحدوں سے باہر بھی دہشت گرد نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ اس کے باوجود مودی سرکار اپنی روش سے باز نہ آئی۔پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشیں نئی نہیں۔ سات دہائیوں سے وہ کبھی پاکستان کو توڑنے، کبھی کمزور کرنے اور کبھی زیر کرنے کی کوششوں میں مصروف رہا ہے۔ لیکن ہر بار اس کی تمام مذموم کوششیں ناکام ہوئیں۔ اس ناکامی کی بڑی وجہ پاکستان کا ایٹمی توازن اور قوم کا عزم و حوصلہ ہے۔ پاکستان کی مزاحمتی صلاحیت نے بھارت کو کبھی اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔مودی کے دوسرے دورِ حکومت میں بھارت نے پاکستان کو آزمانے کے لئے جارحیت کی نئی مہم شروع کی۔
پہلگام کے فالس فلیگ واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملے کیے گئے۔ ڈرونز اور میزائل برسائے گئے، لائن آف کنٹرول پر ہزاروں ٹن بارود گرایا گیا۔ بھارت کو گمان تھا کہ پاکستان ڈر کر خاموش ہو جائے گا اور محض مذمتی بیانات پر اکتفا کرے گا۔ لیکن یہ مودی سرکار کا سب سے بڑا مغالطہ تھا۔پاکستان نے بھارت کی اس جارحیت کا ایسا جواب دیا کہ دنیا حیران رہ گئی۔ ہمارے جنگی جہازوں اور میزائلوں نے بھارتی فضائی دفاعی نظام کے پرخچے اڑا دئیے۔ اس کے اہم ائیر بیسز تباہ کر دئیے، گرڈ اسٹیشن، سائبر سسٹم، انٹرنیٹ اور راڈار سب مفلوج ہو گئے۔ بھارت کا غرور زمین بوس ہو گیا۔ مودی سرکار کی ٹانگیں کانپنے لگیں اور بچا کے لئے امریکہ کے در پر جا گری۔ امریکہ کے دبا ئو پر فائر بندی کی تجویز دی گئی جسے پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے قبول کر لیا۔لیکن یہ جنگ بھارت سے سب کچھ چھین کر لے گئی۔ عسکری طاقت کا گھمنڈ، خطے کا چوہدری بننے کا خواب، چین کے مدمقابل کھڑا ہونے کا بھرمسب ریزہ ریزہ ہو گیا۔ مودی کی حماقت نے بھارت کے عالمی پروفائل کو شدید نقصان پہنچایا اور پاکستان کو حیران کن کامیابیاں عطا کیں۔ شکست خوردہ مودی سخت سفارتی تنہائی اور داخلی دبائو کا شکار ہے ۔ کل تک چین کو بڑا دشمن قرار دینے والا آج اس کی قدم بوسی پر اتر آیا ہے ۔دوسری طرف پاکستان کا ایک فاتح ملک کی حیثیت سے ہر ملک میں مثالی خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔ دنیا کی بڑی طاقتوں کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات کی نئی راہیں کھل رہی ہیں ۔ یہ سب مودی کے تکبر اور حماقتوں کا کمال ہے ۔
آج پاکستان دنیا کی نظر میں ایک مضبوط اور ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پاکستان کا پاسپورٹ پہلے سے کہیں زیادہ باعزت ہو چکا ہے۔ سفارتی اور تجارتی محاذ پر نئی راہیں کھل گئی ہیں۔ خلیجی ممالک ہوں یا وسطیٰ ایشیاء کے خطے، یورپی ریاستیں ہوں یا افریقی ممالک ہر جگہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئی گرمجوشی پیدا ہو رہی ہے۔ عالمی برادری میں پاکستان کا پروفائل غیر معمولی طور پر بلند ہو چکا ہے۔الحمدللہ!پاکستان کا مقدر ایک بار پھر روشن ہے۔ قوم کا حوصلہ اور افواج کی پیشہ ورانہ مہارت نے دنیا کو یہ دکھا دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کا ضامن بھی ہے۔ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ بھارت کے زوال اور پاکستان کے عروج میں مودی سرکار کے تکبر اور حماقتوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ۔

یہ بھی پڑھیں