علم و آگہی کے نئے دور کی صبح کا طلوع۔ انسانیت ایک عظیم تغیر کے دہانے پر کھڑی ہے۔مصنوعی ذہانت (AI) محض ایک ٹیکنالوجی نہیں بلکہ انسانی صلاحیت کی نئی تعریف ہے۔ صدیوں تک تعلیم کا تصور یہ رہا کہ استاد علم دیتا ہے اور شاگرد اسے حاصل کرتا ہے۔مگر آج، جب پوری انسانی معلومات چند سیکنڈ میں ایک مشین کے ذریعے حاصل ہو سکتی ہے،سوال پیدا ہوتا ہے: اب تعلیم کا مقصد کیا ہے؟عہدِ مصنوعی ذہانت تعلیم کا خاتمہ نہیں بلکہ اس کی پیدائشِ نو ہے۔اب ہمیں صنعتی دور کی تعلیم سے نکل کر ذہانت کے عہد کے لیے نئی بنیاد رکھنی ہے۔AI معلومات فراہم کر سکتی ہے مگر دانش نہیں دے سکتی۔یہ ہمدردی کی نقل کر سکتی ہے مگر محبت محسوس نہیں کر سکتی۔لہٰذا نئی تعلیم کا مقصد معلومات جمع کرنا نہیں بلکہ انسان کو انسان بنانا ہے ایسا انسان جو باشعور، بااخلاق اور باایمان ہو۔مصنوعی ذہانت کا کردار ہمیشہ مددگار اور سہولت کار کا رہے گا،حاکم یا مالک کا نہیں۔یہ انسانی تخلیق کا ایک شاہکار ہے۔
پرانے امتحانی نظام کا اختتام‘ صدیوں تک کامیابی کا معیار یادداشت اور رٹنے کی صلاحیت تھی۔استاد بولتا تھا، شاگرد سنتا تھا، اور امتحان میں وہی دہراتا تھا۔لیکن اب علم ہر شخص کے ہاتھ میں ہے۔ایک طالب علم ChatGPT سے شیکسپیئر کا تجزیہ، الجبرا کا حل یا تاریخ کا خلاصہ چند سیکنڈ میں لے سکتا ہے۔اگر تعلیم صرف صحیح جواب دینے تک محدود رہی،تو انسان مشینوں سے پیچھے رہ جائے گا۔اب تعلیم کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ انسان سوال پوچھنا، سوچنا، محسوس کرنا اور محبت کرنا سیکھے۔
تعلیم: معلومات سے تبدیلی تک ‘تعلیم کی اصل روح ہمیشہ روحانی رہی ہے یہ ایک سفر ہے جو جہالت سے آگاہی اور آگاہی سے خود شناسی تک لے جاتا ہے۔سچی تعلیم انسان کے ذہن کے ساتھ ساتھ دل کو بھی روشن کرتی ہے۔مستقبل کی تعلیم کو تین ستونوں پر قائم ہونا چاہیے۔
-1 علم (Knowledge) جدید دنیا کے لیے سائنسی اور ڈیجیٹل فہم۔-2 حکمت (Wisdom) اخلاق، فلسفہ اور وجدان کی بصیرت۔-3 محبت (Love) وہ نرمی اور ہمدردی جو علم کو معنی عطا کرتی ہے۔
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو علم حاصل کرے اور دوسروں کو سکھائے۔لہٰذا تعلیم کا مقصد صرف معلومات منتقل کرنا نہیں بلکہ روشنی پہنچانا ہے ایک مقدس امانت جو استاد کے دل سے شاگرد کی روح تک سفر کرتی ہے۔
انسان کی برتری کے لیے نیا نصاب‘جب مشینیں حساب، ترجمہ اور تحریر کر سکتی ہیں،تو انسان کی اصل قدر ان صلاحیتوں میں ہے جو مشین کبھی حاصل نہیں کر سکتی۔الف: تنقیدی سوچ اور AI فہم ‘آج سب سے بڑا خطرہ جہالت نہیں بلکہ غلط معلومات ہے۔طلبہ کو سکھانا ہوگا کہ وہ تحقیق کریں، سوال کریں اور حقیقت کی تلاش کریں۔ انہیں سمجھنا ہوگا کہ AI کیسے سوچتی ہے، اس کے تعصبات کیا ہیں اور اس کی حدود کہاں ہیں۔AI کو تحقیق کا آغاز سمجھا جائے، علم کا انجام نہیں۔ب: تخلیق اور تخیلAI ہزاروں تحریریں لکھ سکتی ہے مگر خواب نہیں دیکھ سکتی۔نہ اس کے پاس تجربہ ہے، نہ درد، نہ وجدان۔لہٰذا تعلیم کو تخلیقی سوچ، فنونِ لطیفہ اور اخلاقی تخیل پر زور دینا ہوگا۔طلبہ کو یہ سکھانا چاہیے کہ علم، فن اور روحانیت کو جوڑ کر ایسا کچھ تخلیق کریں جو پہلے کبھی نہ ہوا ہو۔
مولانا رومی فرماتے ہیں:اپنی آواز نہیں، اپنے الفاظ کو بلند کرو،کیونکہ پھولوں کو بارش اگاتی ہے، گرج نہیں۔تخلیق وہ بارش ہے جو روحوں کو زرخیز کرتی ہے۔ج: سیکھنے کا فن (Metacognition)آج کے دور میں مہارتیں تیزی سے بدل رہی ہیں۔اصل قابلیت یہ ہے کہ انسان خود سیکھنا اور خود کو بدلنا سیکھے۔طلبہ کو یہ اختیار دینا ہوگا کہ وہ اپنی تعلیم کے معمار خود بنیں۔AI مددگار ہو سکتی ہے مگر رہنما نہیں۔ مستقبل کی سب سے بڑی مہارت یہ ہے کہ مثبت سوچ رکھی جائے،درست سوال پوچھا جائے،اور منفی یا خیالی سوچ کو عملی اور تعمیری شعور میں بدلا جائے۔د: جذباتی و سماجی فہمAI جذبات کی نقل کر سکتی ہے مگر محسوس نہیں کر سکتی۔اس لیے تعلیم کو انسان کے اندر جذباتی شعور، ٹیم ورک اور اخلاقی استقامت پیدا کرنی ہوگی۔کلاس روم کو محبت کی تجربہ گاہ بنانا ہوگا،جہاں طلبہ سیکھیں کہ اختلاف کے باوجود احترام برقرار کیسے رکھا جائے۔ہ: اخلاقی و فلسفیانہ تربیت ‘جب فیصلے خودکار نظام لینے لگیں،تو اخلاقیات کی بنیاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہونی چاہیے۔فلسفہ، اخلاقیات اور مذاہبِ عالم طلبہ کو یہ سکھاتے ہیں کہ طاقت کے ساتھ انصاف کیسے کیا جائے،اور علم کو ضمیر کے تابع کیسے رکھا جائے۔و: ماحولیات اور امانتِ ارضAI زمین کے درجہ حرارت کا حساب لگا سکتی ہے،مگر جنگل کے کٹنے پر دکھ محسوس نہیں کر سکتی۔لہٰذا ماحولیاتی اخلاقیات کو نصاب کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔زمین ہماری ملکیت نہیں، اللہ کی امانت ہے۔ ( جاری ہے)