(گزشتہ سے پیوستہ)
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت سالانہ امتحانات کے شعبہ تحفیظ و درجات کتب کے الگ الگ ہوتے ہیں‘درجات کتب میں تجوید اور دراسات دینیہ سمیت قدیم فاضلات کا امتحان بھی شامل ہے۔
شعبہ تحفیظ کا امتحان ایک روزہ ہوتے ہیں‘جن کی تاریخیں ملک بھر کیلئے وفاق المدارس کی امتحانی کمیٹی مقرر کرتی ہے‘ان تاریخوں میں پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں مذکورہ تاریخوں میں علاقائی مسل تاریخ اور دن کا تعین کرتے ہیں‘چند برس قبل تک شعبہ تحفیظ کا امتحان انفرادی سطح پر ہوتا تھا‘جس کے مطابق مقررہ ممتحن اعلان شدہ تاریخ میں شامل مدارس کو مطلع کرکے امتحان لینے کیلئے جاتے تھے‘اب چند برسوں سے الحمدللہ شعبہ تحفیظ کے امتحان کیلئے بھی باقاعدہ امتحانی مراکز قائم کرنے کا کامیاب آغاز ہوا‘اس کا ایک مکمل طریقہ کار ہے اور ممتحنین کے ساتھ ممتحن اعلی کا تقرر کیا جاتا ہے‘ہر سینٹر میں کم از کم ڈیڑھ سو سے دو سو طلبا و طالبات شریک ہوتے ہیں۔
شعبہ تحفیظ سمیت مذکورہ جن درجات کا سالانہ امتحان وفاق المدارس کے تحت لیا جاتا ہے ان درجات کی تعداد بائیس بنتی ہے‘قدیم فاضلات کا امتحان جو گزشتہ چند سالوں ہورہا ہے اس کو گزشتہ سال ختم کردیا گیا تھا مگر پھر امتحانی کمیٹی نے اس میں ایک سال کی توسیع کی گئی اور امسال اس کا آخری سال ہے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت عالیشان اور مثالی امتحان کے لئے جو نگران و ممتحن مقرر کئے جاتے ہیں اس کا بھی ایک مکمل طریقہ کار موجود ہے‘ جبکہ سینٹر بنانے کیلئے بھی ایک اصولی ضابطہ موجود ہے‘ اس ضابطہ کے مطابق امتحانی مراکز کے تمام ضروری انتظامات سے جہاں سینٹر والوں کیلئے ہدایات موجود ہیں وہیں نگران عملہ کیلئے بھی شرائط موجود ہیں‘ان قواعد و ضوابط کی روشنی میں سالانہ امتحانات سے ملک بھر میں اضلاع و ڈویژن کی سطح پر صوبائی نظما کی زیر نگرانی اور مسلین کے زیر انتظام تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جاتا ہے‘یہ نشستیں درجات کتب اور شعبہ تحفیظ دونوں طرز کے نگران و ممتحن حضرات کی رھنمائی کیلئے امتحانات سے چند روز قبل رکھی جاتی ہیں‘ان نشستوں میں برسوں سے رائج جہاں تمام ضروری ہدایات دی جاتی ہیں بعض انتظامی حوالے سے جزوی تبدیلیوں کی نشاندھی بھی کی جاتی ہیں۔
امسال ہونے والے سالانہ امتحانات میں شعبہ تحفیظ کے امتحان جاری ہیں۔۔۔جبکہ درجات کتب کا بڑے اور اہم مرحلے کا آغاز ان شااللہ بروز ہفتہ سترہ جنوری 2026ء سے ہوگا‘ جس کا اختتام بروز جمعرات بائیس جنوری 2016ء کو ہوگا‘ سالانہ امتحان کی تیاریاں اور تمام ضروری اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں‘جوابی کاپیوں سمیت دیگر ضروری اشیا کی بروقت ترسیل ہوگئی ہے‘ ہزاروں نگران عملہ کی تربیتی نشستوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے‘ مرکزی و صوبائی ذمہ داران اور مرکزی دفتر کے اراکین فعال ہیں‘صوبائی دفاتر میں آپریشن ڈسک بنا دئیے گئے ہیں‘تمام مسلین و منتظمین امتحان کے حوالہ سے رہنمائی کیلئے مستعد ہیں۔ الحمدللہ ہر سال جہاں وفاق المدارس سے ملحق مدارس کی تعداد میں انتہائی اضافہ ہورہا ہے وہیں تیزی سے شرکائے امتحان کی تعداد میں بھی حیران کن اضافہ ہورہا ہے‘بنیادی تعداد میں اضافہ کی مناسبت سے امتحانی مراکز اور نگران عملہ میں بھی اضافہ ناگزیر ہوجاتا ہے۔
امسال کے سالانہ امتحانات کے اعداد و شمار کا اجمالی جائزہ اور گزشتہ سال کی نسبت جو اضافہ ہوا ہے اس پر بھی ایک نظر ڈالتے ہیں۔
1) امسال پچانوے ہزار نو سو اکتیس حفاظ اور بیس ہزار چھ سو چھترحافظات شریک امتحان ہیں‘ مجموعی طور پر ایک لاکھ سولہ ہزار چھ سو سات خوش نصیب طلبا و طالبات ہیں جو تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے کے بعد شریک امتحان ہیں۔
2) گزشتہ سال کی نسبت مجموعی طور تین ہزار چار سو آٹھ طلبا وطالبات کا اضافہ ہوا ہے‘اتنی بڑی تعداد میں قرآن کے حافظ و حافظات تیار کرنا یقینا مدارس دینیہ و مکاتب قرآنیہ کی عالیشان خدمات کا مظہر ہے‘ جو یقینا ملک کیلئے بھی باعث خیر و برکت اور رحمت و سعادت کا بڑا ذریعہ ہے۔
یہاں یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ شعبہ تحفیظ کا امتحان اب گزشتہ چار پانچ سالوں سے سال میں دو بار ہوتا ہے‘ایک سالانہ امتحان کے ان ایام میں اور دوسرا ذی الحجہ کے ابتدائی دونوں میں ہوتا ہے‘دوسرے مرحلہ میں گزشتہ سال تقریبا اٹھارہ ہزار حفاظ و حافظات شریک امتحان تھے۔
3) عالمیہ بنین دورہ حدیث کے بارہ ہزار ایک سو پینسٹھ وہ طلبا شریک ہیں جو امتحان میں کامیابی کے بعد درس نظامی کے فارغ التحصیل ہوجائیں گے اور علما کی صف میں شامل ہو کر اور دین کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتے ہیں‘ ان فضلائے مدارس میں کچھ تخصصات( تخصص فی الفقہ، تخصص فی الحدیث، تخصص فی الدعوہ و الارشاد) یعنی اسپشلائزیشن کرتے ہیں اور علم حدیث سمیت مختلف علوم و فنون میں اعلی صلاحیتوں کے حامل بن جاتے ہیں‘بعض علما مختلف یونیورسٹیوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی بھی کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مہارت بھی حاصل کرتے ہیں۔
4) مدارس بنات میں امسال تینتیس ہزار تین طالبات دورہ حدیث شریف یعنی عالمات کے سالانہ امتحان میں شریک ہورہی ہیں‘امتحان میں کامیابی کے بعد دین کی عالمات اور فاضلات کی سند ان کو حاصل ہو جائے گی‘اتنی کثیر تعداد میں طالبات کا دینی تعلیمات کا حصول ہونا مدارس بنات کی والہانہ خدمات کی بدولت ہے‘مدارس بنات کا مکمل نظام امتحان خواتین معلمات کی زیر نگرانی ہوتا ہے‘اس حوالہ سے وفاق المدارس کی جانب تمام شرعی ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے‘امتحانی مراکز میں طالبات کو تمام ضروری سہولیات کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔ (جاری ہے)