دنیا ایک بار پھر ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے افق پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اور امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی مٹانے کی جستجو جاری ہے ،کسے خبر کہ حالات کا اونٹ کس کروے بیٹھتا ہے ، خطرات کے سائے منڈلانا بندہوتے ہیں یا خوف کی فضا یونہی انسانیت کا مقدر رہے گی۔ پاکستان میں امن مذاکرات کی میزبانی بار آور ہوتی ہے یا خطے کے در و بام یونہی لرزتے رہیں گے ۔ یہ ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ تاریخ کے دھارے کو موڑ دینے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔پاکستان کی سرزمین ماضی میں بھی اہم سفارتی کردار ادا کرتی رہی ہے، مگر موجودہ حالات اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہیں۔ ایک طرف عالمی طاقت امریکہ ہے، جس کے مفادات دنیا کے ہر خطے میں پھیلے ہوئے ہیں، اور دوسری طرف ایران ہے، جو نہ صرف ایک علاقائی طاقت ہے بلکہ نظریاتی اور سیاسی طور پر بھی اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔ ان دونوں کے درمیان کشیدگی محض دو ممالک کا تنازع نہیں بلکہ ایک وسیع جغرافیائی اور نظریاتی تصادم کی کیفیت ہے۔ایسے میں پاکستان کا کردار کسی “خاموش ثالث” سے بڑھ کر ایک فعال پل کا ہو سکتا ہے۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو سب سے پہلا اور بڑا نتیجہ یہ ہوگا کہ ایک ممکنہ جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے۔جو صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں ، بلکہ اس کے اثرات معیشت، سیاست اور معاشرت کے ہر گوشے پر اثر انداز ہوں گے۔ خصوصاً تیل کی عالمی منڈی، جس کی شہ رگ آبنائے ہرمز ہے، کسی بھی تصادم کی صورت میں شدید بحران کا شکار ہو سکتی ہے۔پاکستان کے لیے اس سفارتی پیش رفت کا ایک اور پہلو بھی نہایت اہم ہے۔ اگر وہ اس نازک موقع پر ایک متوازن اور مؤثر کردار ادا کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو عالمی سطح پر اس کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ آج کی دنیا میں طاقت صرف عسکری نہیں رہی، بلکہ سفارت کاری، اعتماد سازی اور تنازعات کے حل کی صلاحیت بھی کسی ملک کے قد کاٹھ کا تعین کرسکتی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان خود کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر منوا سکتا ہے، جو نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کرتی ہے بلکہ عالمی امن میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔تاہم یہ ایک جادہء مشکل تر یے۔ پاکستان کو ایک تنی ہوئی باریک رسی پر چلنا ہے۔ ایک طرف امریکہ کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات ہیں، جن میں اقتصادی اور عسکری تعاون شامل ہے، اور دوسری طرف ایران کے ساتھ جغرافیائی قربت، مذہبی و ثقافتی روابط اور سرحدی معاملات جڑے ہوئے ہیں۔ کسی ایک فریق کی ناراضی پاکستان کے لیے نئے مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان اپنی پالیسی میں توازن، حکمت اور دور اندیشی کو مقدم رکھے۔ان مذاکرات کے ممکنہ معاشی اثرات کہیں بھی نظرانداز نہ کرنے پائے۔ اگر خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے تو تیل کی قیمتوں میں استحکام آئے گا، جس سے پاکستان جیسے درآمدی معیشت رکھنے والے ملک کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ مزید برآں، ایران کے ساتھ توانائی کے منصوبے، جو عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہیں، دوبارہ فعال ہو سکتے ہیں۔ یہ پاکستان کے توانائی بحران کے حل میں ایک اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔داخلی سطح پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ پاکستان میں اکثر علاقائی کشیدگی کے اثرات فرقہ وارانہ تناؤ یا پراکسی تنازعات کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آتی ہے تو اس کے نتیجے میں ملک کے اندر بھی ایک حد تک استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ بلوچستان جیسے حساس علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔لیکن اگر یہ مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو اس کے نتائج بھی اتنے ہی خطرناک ہوں گے۔ نہ صرف جنگ کا خطرہ بڑھ جائے گا بلکہ پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی سوالیہ نشان بن جائیں گی۔۔مزید برآں، کسی ایک فریق کی جانب جھکاؤ کا تاثر پاکستان کو ایک مشکل راہ پر لا کھڑا کرسکتا ہے، جہاں اسے سفارتی تنہائی یا دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عالمی سطح پر بھی اس عمل کے اثرات مرتب ہوں گے۔ چین، روس اور خلیجی ممالک اس پیش رفت کو بغور دیکھ رہے ہیں، پاکستان، جو پہلے ہی چین کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے، اس موقع کو ایک وسیع تر علاقائی حکمت عملی کے طور پر بھی استعمال کر سکتا ہے۔ یہ نہ صرف اس کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرے گا بلکہ اسے عالمی طاقتوں کے درمیان ایک اہم کھلاڑی کے طور پر بھی سامنے لائے گا۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک تاریخی موقع بھی ہے اور ایک کڑا امتحان بھی۔ اگر وہ اس موقع کو دانشمندی سے استعمال کرتا ہے تو نہ صرف وہ خطے میں امن کا پیامبر بن سکتا ہے بلکہ اپنی داخلی و خارجی پالیسیوں کو بھی ایک نئی ہیئت دے سکتا ہے۔ لیکن اگر اس میں معمولی سی لغزش بھی ہو گئی تو اس کے اثرات دور رس اور پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔آج کی دنیا میں جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتی جاتیں، بلکہ دانش، تدبر اور سفارت کاری سے بھی بڑے معرکے سر کیے جاتے ہیں۔ پاکستان کے سامنے بھی یہی چیلنج ہے کہ وہ بندوق کی گھن گرج کے بجائے مکالمے کی روش کوحمکت بنائے۔ کیونکہ امن، اگرچہ مشکل راستہ ہے، مگر یہی وہ واحد راستہ ہے جو قوموں کو تباہی کے اندھیروں سے نکال کر ترقی اور استحکام کی روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔