انسانی تاریخ میں کچھ مقامات ایسے ہوتے ہیں جو محض جغرافیائی حدود نہیں رہتے بلکہ روح کی گہرائیوں میں اتر کر عقیدت، شناخت اور تقدیس کی علامت بن جاتے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں مقام وہ ہے جسے دنیا خانہ کعبہ کے نام سے جانتی ہے ایک ایسا مرکز جہاں صرف جسم نہیں، روحیں بھی سجدہ ریز ہوتی ہیں۔ اس کی مٹی، مسلمانوں کی رگوں میں دوڑتے خون کی طرح ہے یہ محض خاک نہیں، ایمان کی حرارت اور نسبت محمدی ﷺ کا استعارہ ہے۔یہی وہ مرکز ہے جس کی طرف رخ کر کے دنیا بھر کے مسلمان دن میں پانچ بار اپنے خالق کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں کی فضائوں میں لبیک اللہم لبیک کی صدائیں گونجتی ہیں، اور یہی وہ سرزمین ہے جس کے لیے قربانی، محبت اور جانثاری مسلمانوں کے شعور کا حصہ رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس تقدیس کی بنیاد کیا ہے؟ اور تاریخ ہمیں اس بارے میں کیا سبق دیتی ہے؟اسلامی روایت کے مطابق خانہ کعبہ کی بنیاد حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام نے رکھی۔ یہ محض ایک عمارت کی تعمیرنہیں تھی بلکہ توحید کے عالمی پیغام کامژدہ جاں فزا تھی۔ قرآن مجید میں اسے اول بیت قرار دیا گیا یعنی انسانیت کے لیے پہلا مرکزِ عبادت۔یہی وہ نسبت ہے جس نے اس مقام کو تقدیس عطا کی۔ یہاں کی مٹی محض زمین نہیں رہی بلکہ ایک روحانی ورثہ بن گئی۔ اسی لئے مسلمان صدیوں سے یہ آرزو رکھتے آئے ہیں کہ ان کی زندگی کا اختتام اسی سرزمین پر ہو، یا کم از کم ان کی پیشانی اس کی خاک سے آشنا ہو۔
تاریخ کا ایک روشن باب ہمیں واقعہ فیل کی صورت میں ملتا ہے۔ جب ابرہہ نے اپنے لشکر اور ہاتھیوں کے ساتھ کعبہ پر حملہ کیا تو بظاہر عرب کے کمزور اور منتشر قبائل اس کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے تھے۔ اس وقت عبدالمطلب نے ایک تاریخی جملہ کہا ’’اس گھر کا ایک مالک ہے، وہ خود اس کی حفاظت کرے گا۔‘‘ اور اپنے اونٹوں کو لئے پہاڑوں کی طرف مراجعت فرما گئے۔پھر تاریخ نے دیکھا کہ ننھے ننھے پرندوں کے غول اپنی منقاروں میں کنکریاں لئے آئیچ اور ایک عظیم لشکر نیست و نابود ہو گیا۔ یہ واقعہ صرف ایک معجزہ نہیں بلکہ ایک اعلان تھاکہ حرم کی حرمت کا محافظ خود ربِ کعبہ ہے۔اسلام نے حرم مکہ کو امن کا علاقہ قرار دیا۔ یہاں تک کہ زمان جاہلیت میں بھی اس کی حرمت کا لحاظ رکھا جاتا تھا۔ قرآن نے اسے بلدِ امین کہا یعنی امن والا شہر۔یہ امن محض ظاہری نہیں بلکہ ایک گہرا اخلاقی اور روحانی پیغام رکھتا ہے۔ یہاں نہ خون بہایا جا سکتا ہے، نہ شکار کیا جا سکتا ہے اور نہ درخت کاٹا جا سکتا ہے۔ گویا یہ مقام انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ اگر زمین پر کہیں مکمل امن ممکن ہے تو وہ اسی اصول پر ہے جو حرم میں نافذ ہے۔اگرچہ واقع فیل ایک واضح مثال ہے، لیکن تاریخ میں ایسے ادوار بھی آئے جب حرم کو انسانی ہاتھوں سے نقصان پہنچا۔ مثال کے طور پر 930 میں قرامطہ نے مکہ پر حملہ کیا، حاجیوں کو قتل کیا اور حجر اسود کو بھی اٹھا کر لے گئے۔یہ واقعہ ایک اہم سوال اٹھاتا ہے: اگر رب خود محافظ ہے تو یہ سب کیوں ہوا؟یہاں ایک نازک مگر اہم نکتہ ہے اللہ کی حفاظت کا مطلب ہمیشہ فوری اور ظاہری مداخلت نہیں ہوتا۔ بعض اوقات تاریخ کو انسانوں کے اعمال کا آئینہ بنایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں کا ادراک کرسکیں، قرامطہ کا حملہ دراصل امت کے اندرونی انتشار، کمزوری اور اخلاقی زوال کی علامت تھا۔عقیدہ اور ذمہ داری کا توازنیہ کہنا کہ رب خود اپنے گھر کی حفاظت کرے گا ایک درست عقیدہ ہے، مگر اگر اسے انسانی ذمہ داری سے فرار کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ خطرناک ہو سکتا ہے۔اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ:ایمان کے ساتھ عمل بھی ضروری ہے، توکل کے ساتھ تدبیر بھی لازم ہے اور دعا کے ساتھ جدوجہد بھی شرط ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود غزوات میں حصہ لیا، حکمتِ عملی اپنائی، اور دفاعی انتظامات کئے۔ اگر محض یہ کہنا کافی ہوتا کہ اللہ حفاظت کرے گا تو عملی اقدامات کی ضرورت نہ ہوتی۔
آج حرم کو وہ خطرات درپیش نہیں جو ابرہہ کے زمانے میں تھے، مگر خطرات کی نوعیت بدل چکی ہے۔ اب یہ خطرات فکری، اخلاقی اور سیاسی بھی ہو سکتے ہیں۔فرقہ واریت سیاسی عدم استحکام امت کا انتشار مذہب کا سطحی فہم یہ سب ایسے عوامل ہیں جو حرم کی ظاہری نہیں بلکہ معنوی حرمت کو متاثر کرتے ہیں۔یہاں یہ سوال بنیادی ہے کہ ہم محافظ حرم کیسے ہیں ؟اگر رب خود محافظ ہے تو ہم محافظِ حرم کے کا مطلب کیا ہے؟اس کا جواب یہ ہے کہ ہم تلوار کے نہیں، کردار کے محافظ ہیں۔ہم دیواروں کے نہیں، اقدار کے نگہبان ہیں۔حرم کی حفاظت کا اصل مفہوم یہ ہے کہ ہم توحید کے پیغام کو زندہ رکھیں،ہم امت میں اتحاد پیدا کریںہم اخلاقی اقدار کو فروغ دیںہم ظلم، ناانصافی اور جہالت کے خلاف کھڑے ہوں۔قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ اپنے دین کی مدد کرے گا، مگر اس کے لیے انسانوں کو بھی کھڑا ہونا پڑے گا۔ یہ ایک باہمی تعلق ہے ،اللہ کی نصرت اور انسان کی کوشش کا۔اگر ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو جائیں اور صرف معجزات کے انتظار میں رہیں تو تاریخ ہمیں بار بار جھنجھوڑتی رہے گی۔حرم کی مٹی واقعی مسلمانوں کے لئے آنکھوں سرمہ ہے، سرمہ آنکھوں کو بصیرت دینے کے لیے ہوتا ہے، اندھا کرنے کے لیے نہیں۔ اگر یہ محبت ہمیں عمل، اتحاد اور شعور کی طرف لے جائے تو یہ حقیقی محبت ہے، ورنہ یہ محض ایک جذباتی نعرہ بن کر رہ جائے گی۔ہم محافظِ حرم کے کہنا ایک دعوی نہیں، ایک ذمہ داری ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے ایمان کی حفاظت کرنی ہے، ہمیں اپنی صفوں کو مضبوط کرنا ہے ہمیں اپنے کردار کو اس قدر مستحکم بنانا ہے کہ ہم واقعی اس نسبت کے اہل ہو سکیں،کیونکہ حرم کی اصل حفاظت اس کی دیواروں سے نہیں بلکہ اس کے پیغام سے جڑی ہوئی ہے اور جب تک یہ پیغام زندہ ہے، حرم بھی محفوظ ہے،چاہے دنیا کے حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں۔