Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

The Power کا تجزیاتی مطالعہ

Rhonda Byrne ، 12مارچ 1951ء میں میلبارن آسٹریلیا میں پیدا ہوئیں ۔انہوں نے اپنی ابتدائی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز ٹی وی پروڈیوسر کے طور پر کیا ۔2004ء میں ناگفتہ بہ خاندانی حالات کی وجہ سے انہوں نے خود آگہی سے متعلق کتب کا مطالعہ شروع کیا ،جس نے انہیں ’’قانون کشش‘‘کی طرف راغب کیا۔جس سے مراد ’’ ایک نفسیاتی اور روایتی اصول ہے جو انسان کو مثبت سوچ ،خوداعتمادی اور واضح اہداف کی طرف لے جاتا ہے ،مگر اس کے ساتھ عملی کوشش بھی ناگزیر ہے۔‘‘ اس قانون کے ادراک کے ساتھ ہی اس کی زندگی میں ایک انقلاب رونما ہوا،جس کے نتیجے میں 2006ء اس نے The Secretکے نام سیایک کتاب لکھی اور فلم بھی پروڈیوس کی یوں اس کی یہ کتاب عالمی سطح پر بیسٹ سیلربنی،علاوہ ازیں اس کی دیگر کتب The powerThe Magic Hero نے شہرت دوام حاصل کی ۔اس نے اپنی کتاب “The Power” میں یہ نظریہ پیش کیا کہ ’’محبت ، مثبت سوچ اورشکر گزاری سے زندگی نیا رخ اختیار کر سکتی ہے ،مگر اس کے ساتھ حقیقت پسندانہ عمل اور محنت بھی ضروری ہے ‘‘۔Rhonda Byrne کی یہ کتاب فقط موٹیویشنل تحریر نہیں بلکہ ایک فرد کی داخلی شکست و ریخت ،روحانی تلاش اور نفسیاتی بازیافت کی کہانی ہے ۔جس نے اپنی ذاتی تاریکیوں اور مایوسیوں سے ایک آفاقی نظریہ اخذ کرنے کی جستجو کی ہے ۔
Rhonda Byrne کی مرکزی فکر ایک لفظ’’محبت‘‘کے گرد گھومتی ہے، جو بظاہر ایک سادہ مگر معنوی اعتبار سے پوری کائنات پر محیط ایک لفظ ہے۔ اس کے لئے ’’محبت محض ایک جذباتی کیفیت نہیں بلکہ ایک فعال قوت ہے جو انسانی تقدیر کو متشکل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے‘‘۔یہ نقطہ نظر اپنے اندر ایک کشش ضرور رکھتا ہے جو انسان کو اپنی تقدیر کا مالک بنانے کا عزم دیتا ہے ، مگر اس مقام پر ایک تضاد کا در بھی واہوتا ہے کہ اگر ہر شے انسان کے جذبات کی مرہون منت ہے تو پھر ظلم و تعدی،بیماری اور حادثات زمانہ کی توجیہ کیا ہوگی ؟یہاں Byrne کی فکر میں ایک پیچیدگی در آتی ہے ،جو سماجی مسائل اور مشکلات کے حوالے سے انسان کو ’’مثبت‘‘یا ’’منفی،توانائی‘‘ کے خانے میں بانٹ دیتی ہے۔بہرحال “The Secret” سے “The Power ” کے ارتقائی سفر میں جہاں اس نے قانون کشش کو The Secretکے ایک میکانکی کے اصول کے طور پر پیش کیا ہے ،وہیں The Power میں اس اصول کو جذباتی اور روحانی رنگ میں رنگ دیا ہے ۔جو Byrne کی ذاتی نفسیاتی کیفیت کی آئینہ داری ہے۔جو The Secret میں کامیابی اور ارتکاز زر پر مرکوز تھی، جبکہ The Powerمیں وہ محبت ،شکر گزاری اور داخلی اطمینان کی بات کرتی ہیں ۔یہ اس امر کی نشاندہی ہے کہ مصنفہ خود ایک فکری سفر سے گزر رہی تھی لہذا ارتقا کے اس عمل میں وہ محبت کو ایک ایسی قوت کے طور پر اپنی سوچ کا محور گردانتی ہیں جو کائنات کے ہر ذرے میں کارفرما ہے ،تاہم Byrne کی محبت ایک عملی اخلاقی نظام نہیں بلکہ ایک نفسیاتی کیفیت ہے ۔ان کی تصنیف The Power نے ایک بڑی انسانی کمیونٹی کو مایوسی سے نکال کر پر امیدی سے وابستہ کیا ،انسان کے لئے اپنی ذات پر یقین کی راہ ہموار کی ۔تاہم اس کتاب کے بارے لبرل دانشوروں کی یہ رائے بھی رہی ہے کہ ’’یہ کتاب جدید سرمایہ دارانہ فکر کی عکاسی کا شاخسانہ ہے‘‘۔کچھ لوگوں کی رائے یہ بھی ہے کہ ’’یہ کتاب انسان کو حقیقت سے دور بھی لے جا سکتی ہے، جس کی وجہ سے عملی جدوجہد کے فقدان کا احساس پیدا ہوتا ہے ۔‘‘ حقیقت میں یہ ایک ایسی عورت کی کہانی ہے جس نے اپنی ذات کی ٹوٹ پھوٹ کو ایک نظریہ بنایا اور اپنے درد کو ایک پیغام میں ڈھالا اور اپنی تلاش کو ایک آفاقی بیانیئے کی شکل دے دی۔تاہم ایک سوال ہمیشہ اس کے تعاقب میں رہا کہ ’’کیا محبت ہی سب کچھ ہے؟ یا پھر یہ ایک ایسا سپنا ہے جو حقیقت کی سنگلاخ مٹی پر ہمیشہ ادھورا رہ جاتا رہا ہے؟‘‘ “The Power ” نہ مکمل سچ ہے نہ ہی مکمل فریب ، بلکہ یہ انسانی تگ ودوہے جو زندگی کو سمجھنے اور اس پر گرفت پانے کے لئے کی جا رہی ہے ، تاکہ اس کی معنویت تلاش کی جا سکے کہ ہم اپنی زندگی کو حقیقت کی آنکھ سے دیکھتے ہیں یا کسی خواب یا خواہش کی کی تکمیل کے حوالے سے۔تاہم اس کا یہ کہنا ہے کہ ’’محبت دنیا کی سب سے طاقتور اور اب تک سب سے کم جانی جانے والی توانائی ہے ۔‘‘

یہ بھی پڑھیں