عورت کسی بھی معاشرے کی بنیاد اور تہذیب کی اصل معمار ہوتی ہے۔ تاریخ کے مختلف ادوار میں عورت کے ساتھ ناانصافی اور ناقدری کے واقعات ملتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی عورت کے مقام اور احترام سے جڑی ہوتی ہے۔ جب عورت کو عزت، تحفظ اور تعلیم کے مواقع ملتے ہیں تو پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے، اور جب اسے نظر انداز کیا جاتا ہے تو معاشرتی توازن بگڑ جاتا ہے۔اسلام نے عورت کو وہ مقام عطا کیا جس کی مثال اس سے پہلے کسی معاشرے میں نہیں ملتی۔ اسلام نے عورت کو صرف گھریلو زندگی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ایک باوقار، بااختیار اور ذمہ دار فرد کے طور پر پیش کیا۔ بیٹی، بہن، بیوی اور ماں کی حیثیت سے عورت کو عزت و احترام دیا گیا اور اس کے حقوق کو واضح طور پر بیان کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تعلیمات میں عورت کی عزت کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔آج کے دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عورت کے حقیقی مقام کو پہچانیں اور اسے وہ عزت دیں جو اسے بحیثیت انسان اور معاشرے کے اہم رکن کے طور پر حاصل ہے۔ جب ہم عورت کی قدر کریں گے تو ہمارا معاشرہ خود بخود مضبوط اور باوقار بن جائے گا۔دنیا کی تاریخ پر اگر نظر ڈالی جائے تو عورت کو اکثر کمتر اور بوجھ سمجھا گیا۔ کہیں اسے وراثت سے محروم رکھا گیا، کہیں زندہ دفن کر دیا گیا اور کہیں صرف خواہشات کی تسکین کا ذریعہ بنا دیا گیا۔ مگر اسلام وہ پہلا دین ہے جس نے عورت کو عزت، وقار اور مساوی انسانی حقوق عطا کئے اور اسے معاشرے کا باوقار رکن بنایا۔اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں ’’اور عورتوں کے لئے بھی ویسے ہی حقوق ہیں جیسے مردوں کے حقوق ہیں معروف طریقے پر، البتہ مردوں کو ان پر ایک درجہ فوقیت ہے۔ (سورہ البقرہ، آیت 228)یہ آیت واضح کرتی ہے کہ عورت اور مرد دونوں اپنی اپنی حیثیت میں برابر ہیں، صرف ذمہ داریوں کے فرق کی وجہ سے مرد کو قوام (ذمہ دار) بنایا گیا ہے۔عورت کا مقام بطور بیٹی: رسول اکرم ۖ نے بیٹیوں کو رحمت قرار دیا۔ آپ ۖ نے فرمایا:جس کے یہاں بیٹیاں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے، انہیں زندہ درگور نہ کرے، ان کی توہین نہ کرے اور بیٹوں کو ان پر ترجیح نہ دے، تو اللہ تعالیٰ اسے جنت میں داخل کرے گا۔ (سنن ابی داؤد)جہالت کے دور میں بیٹی کو بوجھ سمجھ کر زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، لیکن اسلام نے اسی بیٹی کو ماں باپ کے لیے باعثِ فخر اور برکت قرار دیا۔عورت کا مقام بطور ماں: قرآن کریم میں والدین کے احترام کی بار بار تاکید کی گئی ہے، لیکن ماں کی عظمت کو خصوصی طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی وصیت کی ہے، اس کی ماں نے اسے ضعف پر ضعف اٹھائے رکھا اور اس کا دودھ چھڑانا دو برس میں ہوا۔ (سورہ لقمان، آیت 14)رسول اللہ ۖ نے بھی فرمایا:تمہاری جنت تمہاری ماں کے قدموں کے نیچے ہے۔ (سنن نسائی)یہ تعلیم اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ عورت کی گود سے ہی انسانیت پروان چڑھتی ہے اور اسی کے قدموں میں جنت چھپی ہے۔عورت کا مقام بطور بیوی: اسلام نے عورت کو بیوی کے رُتبے پر بھی عزت دی۔ نبی اکرم ۖ نے فرمایا:تم میں بہترین وہ ہے جو اپنی بیوی کے لیے بہترین ہو، اور میں اپنی بیویوں کے لیے سب سے بہترین ہوں۔ (سنن ترمذی)بیوی کو گھر کی ملکہ قرار دیا گیا ہے اور قرآن نے اسے شوہر کے لیے سکونِ قلب اور محبت کا ذریعہ کہا ہے:اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے بیویاں پیدا کیں تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو، اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت ڈال دی۔(سورہ الروم، آیت 21)عورت کا مقام بطور سماجی رکن: اسلام نے عورت کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دیا۔ نبی اکرم ۖ کا فرمان ہے:علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔ (ابن ماجہ)اسی تعلیم کے نتیجے میں حضرت عائشہ صدیقہ علم و دانش کا مرکز بنیں۔ بڑے بڑے صحابہ ان سے مسائل دریافت کرتے اور وہ ہزاروں احادیث روایت کرنے والی شخصیت بنیں۔اسلامی تاریخ میں خواتین کا کردار: اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ عورت صرف گھریلو زندگی تک محدود نہیں تھی، بلکہ میدانِ عمل میں بھی اس کا کردار شاندار رہا۔ حضرت خدیجہ ؓنے نبی اکرم ۖ کی دعوتِ حق کی ابتدا میں اپنے مال اور تعاون کے ذریعے بے مثال قربانی دی۔ حضرت فاطمہؓ نے صبر، استقامت اور ایثار کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ حضرت نُسیبہ بنت کعبؓ (ام عمارہ) نے جنگ اُحد میں تلوار تھام کر نبی اکرم کا دفاع کیا اور اسلام کی خاطر اپنے زخموں کا نذرانہ پیش کیا۔یہ واقعات اس حقیقت کو ثابت کرتے ہیں کہ اسلام نے عورت کو معاشرے کا فعال اور بااثر رکن بنایا۔ عورت چاہے گھر میں ہو یا میدانِ جہاد میں، تعلیم میں ہو یا خدمتِ خلق میں، ہر مقام پر اسے عزت و مقام حاصل ہے۔پیغامِ ہدایت:اسلام نے عورت کو وہ عزت دی جو کسی اور معاشرے یا تہذیب نے نہ دی۔ بیٹی کے روپ میں رحمت، ماں کے روپ میں جنت، بیوی کے روپ میں سکون اور بہن کے روپ میں حفاظت عطا کی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مغربی نظریات سے مرعوب ہونے کے بجائے قرآن و سنت کی روشنی میں عورت کا حقیقی مقام پہچانیں اور اپنی بیٹیوں، بہنوں اور ماؤں کو وہی احترام دیں جو اسلام نے عطا کیا ہے۔آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ عورت کا احترام اور اس کے حقوق کی حفاظت صرف ایک اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ ایک مضبوط اور مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ جس معاشرے میں عورت کو عزت، تعلیم اور تحفظ حاصل ہو وہاں محبت، سکون اور ترقی کے دروازے کھلتے ہیں۔ عورت محض گھر کی ذمہ داریوں تک محدود نہیں بلکہ نسلوں کی تربیت، اقدار کی حفاظت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے رویوں اور طرزِ فکر میں مثبت تبدیلی لائیں اور اپنی بیٹیوں، بہنوں، ماؤں اور بیویوں کو وہی عزت اور اعتماد دیں جس کی وہ حق دار ہیں۔ عورت کی تعلیم، تربیت اور خود اعتمادی دراصل پوری قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔ اگر ہم ایک خوشحال اور باوقار معاشرہ چاہتے ہیں تو عورت کے مقام کو پہچاننا اور اس کے حقوق کا تحفظ کرنا ناگزیر ہے۔لہٰذا ضروری ہے کہ ہم معاشرے میں احترام، محبت اور انصاف کو فروغ دیں تاکہ آنے والی نسلیں ایک بہتر، محفوظ اور متوازن ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں ایک مضبوط اور کامیاب معاشرے کی طرف لے جاتا ہےیہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ عورت کی عزت صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے ثابت ہوتی ہے۔ گھروں میں احترام، تعلیم میں برابری کے مواقع، اور معاشرے میں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہی حقیقی تبدیلی کی بنیاد بنتا ہے۔ جب ہم عورت کو اعتماد، حوصلہ اور مواقع دیتے ہیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر بن جاتی ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم مثبت سوچ، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔ عورت اور مرد ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے معاون اور تکمیل کرنے والے ہیں۔ دونوں کے درمیان تعاون، اعتماد اور محبت ہی ایک متوازن معاشرے کی اصل پہچان ہے۔دعا ہے کہ ہمارا معاشرہ ایسا بنے جہاں ہر عورت خود کو محفوظ، باعزت اور بااختیار محسوس کرے اور اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کر سکے۔ یہی شعور اور عمل ہماری کامیابی، خوشحالی اور حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔