ریاستوں کی اصل پہچان ان کے داخلی ربط، فکری توازن اور اجتماعی ترجیحات سے متعین ہوتی ہے۔ جب کوئی معاشرہ اپنے اندر ہم آہنگی پیدا کر لیتا ہے تو بیرونی دباؤ اپنی شدت آپ کھو دیتا ہےاور قومی ارادہ زیادہ واضح صورت میں سامنے آتا ہے۔ معرکۂ حق نے اس حقیقت کو ایک نئے زاویے سےاجاگر کیا ، پاکستان نے نہ صرف دفاعی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا بلکہ داخلی طور پر ایک مربوط اور بیدار قوم کی تصویر بھی پیش کی۔اس معرکے نے یہ واضح کر دیا کہ قومی طاقت کا سرچشمہ محض عسکری وسائل نہیں بلکہ وہ فکری وحدت ہےجو مختلف طبقات کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت جوڑتی ہےاور پاکستان میں اس موقع پر یہ منظر نمایاں رہا۔ عوام، ریاستی ادارے، افواج اور قیادت کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی دیکھنے میں آئی جس نے قومی بیانیے کو استحکام بخشا اور بیرونی دباؤ کو غیر مؤثر بنا دیا۔ یہ ہم آہنگی کسی رسمی یکجہتی کا اظہار نہیں تھی بلکہ اس میں ایک حقیقی احساسِ شمولیت اور ذمہ داری کارفرما تھی جس نے قومی سطح پر اعتماد کو مضبوط کیا۔
قرآنی ہدایت کہ اجتماعی طور پر مضبوطی سے وابستہ رہاجائے اور تفرقہ سے گریز کیا جائے، اس موقع پر عملی صورت اختیار کرتی نظر آئی۔ یہ اتحاد کسی وقتی جذبے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسی فکری پختگی کا مظہر تھا جو وقت کے ساتھ ساتھ پروان چڑھی ہے۔ مختلف الخیال طبقات نے اپنی ترجیحات کو ازسرِ نو ترتیب دیا اور اس امر کو یقینی بنایا کہ قومی مفاد ہر دوسری وابستگی پر غالب رہے۔ یہی طرزِ فکر کسی بھی معاشرے کو انتشار سے نکال کر استحکام کی طرف لے جاتا ہے۔داخلی سطح پر اس ہم آہنگی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ جدید دور میں تنازعات صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہے بلکہ اطلاعات، بیانیے اور نفسیاتی دباؤ کے ذریعے بھی جنگیں لڑی جاتی ہیں۔ ایسے میں اگر کسی قوم کے اندر فکری انتشار موجود ہو تو بیرونی قوتیں اسے آسانی سے استعمال کر سکتی ہیں۔ تاہم اس معرکے میںیہ تمام حربے غیرمؤثر ثابت ہوئے کیونکہ قومی سطح پر یکسوئی اور اعتماد موجود تھا۔ اطلاعاتی محاذ پر بھی ایک ذمہ دارانہ طرزِ عمل دیکھنے میں آیا ، غیر مصدقہ خبروں اور گمراہ کن بیانیوں کو مسترد کیا گیا اور سنجیدہ رویہ اپنایا گیا۔علماء کرام اور مختلف مکاتبِ فکر کا مشترکہ مؤقف اس اتحاد کی ایک اہم جہت بن کر سامنے آیا۔ فکری اور مذہبی تنوع کے باوجود ایک متفقہ بیانیے کی تشکیل اس بات کی علامت بنی کہ معاشرہ اپنی بنیادی اقدار پر متفق ہے۔ اس ہم آہنگی نے عوامی سطح پر اعتماد کو بڑھایا اور یہ تاثر مضبوط کیا کہ قومی معاملات میں تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں۔ مذہبی قیادت کا ذمہ دارانہ کردار اس حوالے سے نہایت اہم رہاجس نے جذبات کو توازن کے ساتھ سمت دی اور انتشار کے امکانات کو کم کیا۔
یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ اس داخلی اتحاد نے پاکستان کی مجموعی قومی قوت کو نمایاں طور پر بڑھایا۔ دفاعی میدان میں جہاں افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہیں عوامی حمایت نے اس کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا۔ ایک مربوط قوم اپنے دفاعی اداروں کے لیے قوت کا باعث بنتی ہے اور یہی صورتحال اس موقع پر دیکھنے میں آئی۔ عوامی اعتماد نے نہ صرف حوصلہ بلند کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ ریاست اور معاشرہ ایک ہی سمت میں کھڑے ہیں۔سفارتی سطح پر بھی اس یکجہتی کے اثرات نمایاں رہے۔ ایک واضح اور متحد قومی مؤقف عالمی برادری میں زیادہ سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ اس معرکے کے دوران پاکستان نے یہی برتری حاصل کی کہ داخلی استحکام نے خارجی محاذ پر مؤثر پیش رفت کو ممکن بنایا۔ ایک مضبوط قومی آوازنے نہ صرف اپنے موقف کو بہتر انداز میں پیش کیا بلکہ مخالف بیانیے کو بھی کمزور کیا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کی سفارتی پوزیشن زیادہ متوازن اور بااعتماد دکھائی دی۔
اس معرکے نے ایک اجتماعی احساسِ ادراک کو جلا بخشی، قوم کو یہ باور کرایا کہ اس کی اصل قوت اس کی داخلی ہم آہنگی میں پوشیدہ ہے۔ روزمرہ کے اختلافات اور سیاسی تناؤ کے باوجود جب ایک قوم مشترکہ مقصد کے لیے یکجا ہوتی ہے تو اس کی صلاحیتیں کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ یہ شعور کسی بھی معاشرے کو استحکام کی طرف لے جاتا ہے اور یہی عنصر قوموں کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔یہ پہلو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ اس اتحاد نے نوجوان نسل پر گہرا اثر ڈالا۔ نوجوانوں نے نہ صرف ذمہ داری کا مظاہرہ کیا بلکہ سماجی اور فکری سطح پر نہایت مثبت کردار ادا کیا۔ ان کا شعور، ان کی وابستگی اور ان کا ردعمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ قومی یکجہتی اب محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت بنتی جا رہی ہے۔ یہ عنصر مستقبل میں قومی استحکام کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔تاہم اس تمام تجربے کا اصل تقاضا یہ ہے کہ اس اتحاد کو محض ایک وقتی کیفیت نہ سمجھا جائے۔ اگر یہ ہم آہنگی صرف بحران تک محدود رہی تو اس کے اثرات بھی عارضی ہوں گے۔ ضروری ہے کہ اسے قومی مزاج کا مستقل حصہ بنایا جائے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا سامنا اسی مضبوطی کے ساتھ کیا جا سکے۔ قومی سطح پر برداشت، مکالمہ اور باہمی احترام کو فروغ دینا اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے ۔ اجتماعی مفاد کو ترجیح دینا ہی قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہےاور اس معرکے نے اس اصول کو عملی طور پر ثابت کر دیا ہے۔ ملک کے مختلف طبقات جب اپنے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک مشترکہ ہدف کے لیے متحد ہوتے ہیں تو نہ صرف بیرونی خطرات کا مقابلہ ممکن ہوتا ہے بلکہ داخلی استحکام بھی یقینی بنتا ہے۔ اسی بنیاد پر مضبوط ریاستیں استوار ہوتی ہیں۔مستقبل کے تناظر میں یہ یکجہتی ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ جہاں تک پاکستان کو درپیش چیلنجز کی بات ہے تو وہ صرف دفاعی نوعیت کے ہی نہیں بلکہ معاشی، سماجی اور عالمی سطح پر بھی موجود ہیں۔ ان تمام مسائل کے حل کے لیے اسی سطح کی ہم آہنگی درکار ہوگی جو اس معرکے کے دوران دیکھنے کو ملی۔ اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں اور قومی استحکام کو ایک پائیدار شکل دی جا سکتی ہے۔
معرکہ حق اس بنیادی حقیقت کو اجاگر کر گیا ہےکہ قومیں اپنے داخلی استحکام کے باعث مضبوط بنتی ہیں۔ جب ایک معاشرہ اپنی ترجیحات کو واضح کر لیتا ہے اور اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتا ہے تو کوئی بھی دباؤ اس کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ یہی وہ درست سمت ہےجو حال کو مستحکم اور مستقبل کو روشن بناتی ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کرقومیں تاریخ میں باوقار مقام حاصل کرتی ہیں۔