Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
مالی معاملات کے حوالے سے آپ کو انشاءاللہ بڑی اچھی خبریں ملیں گی، آپ جس بھی مسئلے کا شکار ہیں اس سے نکل جانے میں کامیاب ہوں گے۔ جو لوگ روزگار کو بدلنے کے چکروں میں ہیں وہ ابھی تھوڑا انتظار کریں، اللہ سے بڑی امید ہے کہ موجودہ جگہ پر ہی آپ کو فائدہ مل جائے گا اور جو لوگ روزگار کے لئے سفرکرنا چاہتے ہیں وہ فی الحال رکاوٹ محسوس کریں گے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
آپ کو ان لوگوں سے دور رہنا ہوگا جو آستین کا سانپ ہیں۔ آپ کو کافی حد تک اس کا علم بھی ہے ۔ پھر بھی خیال نہیں کرتے یہ اپنے آپ پر ظلم ہے۔ کیا وہ جب تک بہت بڑا نقصان نہ دے دیں، تب تک باز نہیں آئیں گے۔ خیال کریں دوست، دشمن کی پہچان رکھیں۔ حالات اب ویسے نہیں رہے۔آپ اپنی من مانی کرتے رہیں۔ ان دنوں صدقہ دینا بھی آپ پر لازمی ہوگا۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
اللہ نے چاہا تو یہ ہفتہ آپ کی بے شمار مشکلات کو ختم کرنے میں بڑا مددگار ثابت ہو گا اور جو رکاوٹیں چل رہی ہیں وہ اتنی تیزی سے ختم ہوں گی کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔ ان دنوں مستقبل کے حوالے سے پلاننگ کرلیں،انشاءاللہ آگے ایسے حالات بن سکتے ہیں جو آپ کے لئے بڑے سازگار ہوں گے جن پر چل کر ماضی کے تمام نقصانات کا ازالہ بھی ہو جائے گا اور بڑے فائدے بھی ملیں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ جو چاہ رہے ہیں وہ ابھی ممکن نہیں۔ صبر سے کام لیں، اللہ نے چاہا تو وہ دن بھی آئیں گے جب آپ وہ سب کچھ حاصل کرلیں گے جس کی دل میں تمنا ہے اور جو لوگ تبدیلی کے خواہشمند ہیں انشاءاللہ ان کو ایک اچھی تبدیلی کی خبر ملے گی۔اس موقع کو ہاتھوں سے جانے مت دیں ورنہ بعد میں پچھتاوا ہوگا۔ یہ ہفتہ بحکم اللہ روحانی حوالے سے بھی مددگار ہوگا۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
اپنی نیت صاف کریں اور نظروں کی حفاظت کریں یہ جو موبائل آپ کے ہاتھ میں ہے نا، اس کا اچھا استعمال بھی کر سکتے ہیں اور بُرا بھی۔ لیکن وقت کی اہم ضرورت کو آپ غلط استعمال کررہے ہیں جس سے آنکھ کان وغیرہ کا زنا بھی ہوتا ہے۔ یہ روحانی قوتیں ختم کررہا ہے۔ مشکلات کسی وقت بھی آ سکتی ہیں۔ سچی توبہ کرلیں، اللہ معاف کرے گا اور صرف اپنے مستقبل کو دیکھیں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
جو لوگ کسی قانونی معاملات،مقدمے، انکوائری یا ایسی کسی مشکل میں ہیں وہ انشاءاللہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے۔ نوکری میں جو خطرہ تھا وہ ختم ہوگا اور جس نے تنگ کیا ہوا تھا وہ خودبخود بھاگ جائے گا۔ان دنوں ایک نئی راہ پر چلنے کا موقع ملے گا جو لوگ اس سے فائدہ اٹھالیں گے وہ بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ وقت کا فائدہ نہ اٹھانا ظلم ہوگا۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ کو جب بھی کوئی مشکل پیش آئی قدرت نے آپ کی مدد کی اور آپ تمام تر پریشانیوں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اب بھی اللہ نے چاہا تو ایسا ہی سلسلہ بنے گا، فکر نہ کریں اور چند دنوں میں سب پریشانیاں ختم ہو جائیں گی۔ جولوگ کافی دنوں سے کسی طرف امید لگا کر بیٹھے ہوئے تھے وہ اس کو اب پورا ہوتا دیکھیں گے اور جو خواہش دل میں ہے وہ بھی پوری ہو سکے گی۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ کو اب جو فیصلہ کرنا ہے وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے کرلیں۔ انشاءاللہ وقت اچھا ہے ۔ امید ہے آپ کا اٹھایا ہوا قدم آپ کے لئے آسانیاں برکتیں اور رحمتیں نازل کرے گا۔ جو لوگ کبھی بڑی پُرسکون زندگی گزار رہے تھے وہ دوبارہ بحکم اللہ ایسی زندگی میں لوٹ آئیں گے مگر کسی بھی کام کے لئے رسک تو لیناپڑتا ہے اور آپ کو چاہئے کہ اپنے لئے اب اللہ کا نام لے کر قدم اٹھالیں تو بہتر ہے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
جس بھی مسئلے میں ہیں، انشاءاللہ دو تین یوم میں اس سے نکل جانے میں کامیاب ہوں گے اور جو معاملات خراب ہیں وہ اب تیزی سے بہتر ہونا شروع ہو جائیں گے۔جو لوگ بندش وغیرہ میں مبتلا ہیں،وہ انشاءاللہ اب اس سے آزاد ہوں گے اور آپ کو روزانہ کے حساب سے بہتری کی خبریں ملیں گی۔ان دنوں پرانے بند دروازے کا کھل جانا آپ کے لئے ایک معجزہ ہو گا۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
آپ جو چاہ رہے ہیں وہ نہیں ہوگا، ہونا وہی ہے جو میرے اللہ نے آپ کے لئے بہتر سمجھا ہوگا پریشان نہ ہوں اللہ پاک خود فرماتے ہیں کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے پھر سمجھ لیں کہ آسانی آنے والی ہے اور وہ بند دروازے کھل جائیں گے جو عرصہ دراز سے بند تھے اور ان لوگوں نے بھی اب آپ کی زندگی سے نکلنا ہے جو آپ کے لئے ساری عمر وبال جان بنے رہے ۔ یہ بہتر طریقہ بھی ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
آپ کی جو مشکل کل تک پریشان کئے ہوئے تھی،آج انشاءاللہ حل ہونے کے قریب ہے۔ اب حالات بدلیں گے اور آپ کے حق میں جائیں گے۔ ان دنوں ویسے بھی برسوں کے بعد زندگی میں تبدیلیوں کا خوشگوار عمل شروع ہونے والاہے۔ جو لوگ بھی کاروبارکررہے ہیں وہ اب اچھی خبریں سن سکیں گے اور جو کسی نوکری میں ہیں،وہ اسی نوکری میں ہی تبدیلی کو دیکھ سکیں گے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
آج کا دن ہی انشاءاللہ کامیاب سلسلے بنانے کی ابتدا کر دے گا، پھر پورا ہفتہ روزانہ کے حساب سے اچھی سے اچھی خبر ملتی رہے گی۔جو لوگ عرصہ دراز سے ایک جگہ بلاک ہو کر رہ گئے تھے،وہ بھی اب اس کیفیت سے نکل سکیں گے۔ اپنے یا اولاد کے رشتہ میں جو بندش محسوس کی جا رہی تھی،ٹوٹ چکی ہے۔ اس کا اب آپ کو خود ہی اندازہ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں