واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے امریکی وفد کی قیادت کرتے ہوئے میری لینڈ سے پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق مذاکرات میں شریک ہو رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایرانی قیادت سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ کرے تو امریکا بھی تعمیری انداز میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات میں کسی قسم کی چالاکی یا غیر سنجیدگی دکھائی گئی تو امریکی وفد مناسب ردعمل دے گا۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان یہ مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں کل اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔
امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے علاوہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر شامل ہیں، جبکہ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے، جن کے ہمراہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف بھی شریک ہوں گے۔

