چیک ریپبلک کے ایک مخصوص علاقے میں آسمان سے نوٹوں کی بارش ہوتی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو خوب گردش کرتی نظر آرہی ہے جس میں آسمان سے نوٹوں کی برسات ہوتے دیکھا گیا، صرف یہی نہیں اس بارش کے بعد نوٹوں کو اکٹھا کرنے لوگوں کا جمِ غفیر بھی وہاں امڈ آیا۔
آخر اس ویڈیو میں پوشیدہ حیقیقت کیا ہے آئیے جانتے ہیں۔ دراصل چیک ریپبلک سے تعلق رکھنے والے ایک ٹی وی میزبان کامل بارتوشیک المعروف کاظمہ نے بھاری انعام کے عوض ایک مقابلے کا انعقاد کیا جس میں امیدواروں کو ان کی ایک فلم میں پوشیدہ خفیہ پہیلی بوجھنی تھی، لیکن اس کھیل میں حصہ لینے والے امیدواروں میں سے کسی نے بھی درست جواب نہیں دیا۔
بعد ازاں کاظمہ نے انعامی رقم جو 10 لاکھ ڈالرز تھی، کھیل میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام شرکاء کو بذریعہ ای میل ایک مخصوص مقام پر پہنچنے کی اطلاع دی بعد ازاں ہیلی کاپٹر سے انعامی رقم برسانا شروع کر دی۔ جیسے ہی آسمان سے پیسوں کی بارش ہوئی، ہزاروں لوگ جو میدان میں جمع تھے، انہوں نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں تمام نوٹ پلاسٹک کے تھیلوں میں جمع کر لیے۔ ویڈیو کی مکمل تفصیل کاظمہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو کی صورت میں شیئر کی جس میں انکا کہنا تھا کہ،’دنیا میں پہلی حقیقی منی بارش! جمہوریہ چیک میں ایک ہیلی کاپٹر سے 10 لاکھ ڈالرز گرے اور کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا’ یاد رپے کہ یہ ویڈیو اتنی مقبول ہوئی کہ اسے اب تک 48 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔


