واشنگٹن (نیوزڈیسک)دنیا بھر میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور آنے والے برسوں میں یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
مگر سائنسدانوں نے ایک منفرد خیال پیش کیا ہے جس سے شدید گرمی میں ہمیں خود کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملے گی۔
امریکا کی Massachusetts Amherst یونیورسٹی کے ماہرین نے ہمارے لباس کو ہی ائیر کنڈیشنر (اے سی) بنا دیا ہے۔
جی ہاں انہوں نے چاک پر مبنی ایک لچکدار کوٹنگ تیار کی ہے جسے ملبوسات کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
اس کوٹنگ کی آزمائش شدید گرم موسم میں کی گئی تو دریافت ہوا کہ اس پر مبنی ملبوسات پہننے سے جسمانی درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آجاتی ہے۔
سائنسدانوں نے بتایا کہ وہ لباس ٹھنڈا کرنے والی ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنا چاہتے تھے جس کے لیے عام دستیاب میٹریل استعمال کیا جائے۔
انہیں اس کا خیال چونے کے پتھر پر مبنی پلاستر سے آیا جسے گرم موسم میں گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
کپڑوں پر کی جانے والی اس کوٹنگ کا مرکزی جز کیلشیئم کاربونیٹ ہے جو چونے کے پتھر اور چاک کا بھی مرکزی جز ہے۔