اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اوپر موجود تصویر کو دیکھیں جس میں ایک لڑکی مسکراتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
بظاہر اس میں کچھ بھی غیرمعمولی نہیں مگر اس تصویر یا یوں کہہ لیں کہ لڑکی نے ہالی وڈ کے متعدد فنکاروں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
جی ہاں واقعی یہ تصویر ٹِلی نورووڈ کی ہے اور یہ حقیقی انسان نہیں بلکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے تیار کردہ مکمل ڈیجیٹل اداکارہ ہے۔
اسے دنیا کی پہلی اے آئی اداکارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
جسے بنانے والوں کو ہالی وڈ کے فنکاروں کی شدید مخالفت کا سامنا ہے کیونکہ وہ اس اے آئی اداکارہ کو ہالی وڈ اسٹار بنانا چاہتے ہیں۔
ٹِلی نورووڈ کو بنانے والی اے آئی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق انہوں نے اسے انسانوں کے متبادل کی بجائے آرٹ کے طورپر تیار کیا ہے۔
مگر ہالی وڈ کے حقیقی اداکار اس سے زیادہ خوش نہیں۔

ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق متعدد ہالی وڈ اسٹارز ایک الگورتھم سے مقابلے کے خیال سے خوش نہیں۔
اداکارہ Melissa Barrera نے اپنے انسٹا گرام پوسٹ میں واضح الفاظ میں اس کی مخالفت کی۔
کچھ فنکاروں کا کہنا ہے کہ روایتی کرداروں کے لیے ایک اے آئی اداکارہ کو استعمال کرنا اداکاروں کے لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہوگی۔
فلمی صنعت اس حوالے سے بحث کر رہی ہے کہ کیا اے آئی ٹولز انسانوں کی جگہ لے سکتے ہیں۔

درحقیقت کچھ عرصے قبل ہالی وڈ کے اداکاروں طویل ہڑتال کی ایک بڑی وجہ اے آئی ٹیکنالوجی بھی تھی جبکہ اداکاروں کے ایک گروپ نے کاپی رائٹ ورک سے اے آئی کی تربیت کے خلاف پٹیشن بھی دائر کی۔
اے آئی کمپنی پارٹیکل 6 کے چیف ایگزیکٹو Van Der Velden نے کہا کہ ‘میرا ماننا ہے کہ اے آئی اداکار اپنے سے جڑے موضوعات سے انصاف کرسکتے ہیں اور براہ راست انسانوں سے ان کا موازنہ درست نہیں’۔
اس کمپنی کو اے آئی اداکارہ کے لیے روایتی ہالی وڈ ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
Van Der Velden نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اے آئی اداکاروں کے لیے ایک ایجنٹ کمپنی تشکیل دے رہے ہیں۔
ٹِلی نورووڈ پارٹیکل 6 کی یوٹیوب ویڈیو میں کام کر چکی ہے جبکہ اس کا اپنا اکاؤنٹ بھی ہے جسے ہزاروں افراد فالو کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ارباز خان دوسری بار والد بن گئے
