Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

دنیاکامہنگاترین کیڑاسٹاگ بیٹل کہاں پا یاجاتاہے؟

کراچی (نیوز ڈیسک) قدرت کی دنیا میں بعض اوقات ایسی حیران کن حقیقتیں سامنے آتی ہیں جو انسان کو دنگ کر دیتی ہیں۔ انہی میں سے ایک دنیا کا مہنگا ترین کیڑا ہے، جس کی قیمت سن کر آپ بھی حیرت میں مبتلا ہو جائیں گے۔ اس کیڑے کی قیمت کروڑوں روپے تک جا پہنچتی ہے، اور اس رقم میں ایک لگژری گاڑی جیسے بی ایم ڈبلیو یا مرسڈیز بھی آسانی سے خریدی جا سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کا مہنگا ترین کیڑا “سٹاگ بیٹل” ہے، جس کی قیمت بعض اوقات 90 ہزار امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ پاکستانی روپے تک لگائی جاتی ہے۔ یہ نایاب کیڑا لکڑی خور حشرات کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور ایشیا، یورپ اور امریکہ کے گھنے جنگلات میں پایا جاتا ہے۔

سٹاگ بیٹل کی پہچان اس کے طاقتور اور ہرن کے سینگوں جیسے بڑے جبڑوں سے ہوتی ہے، جو خاص طور پر نر کیڑے میں نمایاں ہوتے ہیں۔ یہ جبڑے نہ صرف اس کی خوبصورتی کا باعث ہیں بلکہ اپنے علاقے کے دفاع اور دوسرے نر کیڑوں سے مقابلے کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کی لمبائی عموماً 35 سے 75 ملی میٹر تک ہوتی ہے، جبکہ مادہ سائز میں نسبتاً چھوٹی ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کیڑے کی غیر معمولی قیمت کی بڑی وجہ اس کی نایابی، منفرد ساخت اور دنیا بھر میں کیڑے جمع کرنے والوں کی جانب سے اس کی غیر معمولی طلب ہے۔ شوقین افراد اپنے مجموعے میں سب سے خوبصورت اور نایاب سٹاگ بیٹل شامل کرنے کے لیے بھاری رقوم ادا کرنے پر بھی تیار ہو جاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی ثقافتوں میں سٹاگ بیٹل کو خوش قسمتی، دولت اور خوشحالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کی موجودگی سے گھر میں رزق اور دولت میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ کچھ معاشروں میں اس سے منسوب مبینہ طبی فوائد کا بھی ذکر ملتا ہے۔ ان عقائد نے بھی اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نر سٹاگ بیٹل کا سائز 4 سے 9 سینٹی میٹر جبکہ مادہ کا سائز 3 سے 4 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے، اور اس کی عمر 3 سے 7 سال تک ہو سکتی ہے۔ حیران کن طور پر یہ کیڑا اپنی زندگی کا بڑا حصہ زیر زمین لاروا کی صورت میں گزارتا ہے اور لکڑی کے اندر سرنگیں بناتا رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں کسی چیز کی قیمت زیادہ ہو، وہاں بلیک مارکیٹ کا وجود بھی ناگزیر ہو جاتا ہے، اور سٹاگ بیٹل کی غیر قانونی تجارت کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ فطرت کے یہ ننھے مگر نایاب شاہکار بعض اوقات سونے سے بھی زیادہ قیمتی ثابت ہوتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ایڈیشنل آئی جی کا کراچی میں جمعہ سے غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

یہ بھی پڑھیں