اسلام آباد (اوصاف نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی کی تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کہوں گا کہ وہ اپنی حکومت چلائیں، ہائیکورٹ کے حکم کے بعد ایک انچ کی غلطی بھی ان کی نااہلی کا باعث بن سکتی ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے، آپ نے غنڈہ گردی کرنی ہے تو ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہوگا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فیصل کریم کنڈی گورنر خیبرپختونخوا رہیں، اگر کوئی اور نام نکالا جائے تو وہ دوبارہ سیاسی نہیں ہوسکتا، ہمیں فیصل کریم کنڈی کے نام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ اگر اب بھی تحریک انصاف کے بانی سے ملنا ہے تو دیوار سے ٹکراتے رہیں، دیوار سے کچھ نہیں ہوگا اور دیوار سے کچھ نہیں ملے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیر اعظم اور صدر مملکت کے پاس سیاسی طور پر جانے کا ایک ہی راستہ ہے، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے ان کا مسئلہ حل ہو جائے گا، ہر مسئلے کی کنجی صدر آصف علی زرداری کے پاس ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیان اور اسمبلی میں آنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں۔
مزید پڑھیں:فلیٹ میں سلنڈر دھماکہ، 2 افراد زخمی


