اسلام آباد (اوصاف نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ کارکردگی کے بعد ویرات کوہلی آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں دو درجے ترقی کر کے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما بدستور سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے بابر اعظم نے اپنی چھٹی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی۔ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق ون ڈے بلے بازوں میں بھارت کے روہت شرما سرفہرست ہیں جب کہ ویرات کوہلی دو درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ پاکستان کے بابر اعظم چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔
ون ڈے رینکنگ
ہندوستانی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں 151 کی اوسط سے شاندار 302 رنز بنا کر آئی سی سی رینکنگ میں اہم ترقی کی ہے۔ انہوں نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں سنچریاں بنائیں جبکہ تیسرے میچ میں انہوں نے ناقابل شکست 65 رنز جوڑے جس کی بدولت بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی۔
روہت شرما 781 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ کوہلی 773 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ روہت نے بھی دو نصف سنچریوں کی بدولت سیریز میں 48.67 کی اوسط سے 146 رنز بنائے۔
تازہ ترین درجہ بندی میں دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کی بھی بہتری آئی ہے۔ کے ایل راہل بلے بازوں کی فہرست میں دو مقام آگے بڑھ کر 12ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں 60 اور 66 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔
سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسپنر کلدیپ یادو گیند بازوں کی درجہ بندی میں تین درجے اوپر پہنچ کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بولرز میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد نویں نمبر پر ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کرکے 19ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ حارث رؤف بھی ایک درجہ ترقی کر کے 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان بھارت کے تلک ورما کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ بریورز بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 22 رنز بنانے کے بعد پہلی بار ٹاپ 10 میں داخل ہو گئے ہیں، وہ تین درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈر رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب کی برتری برقرار ہے جبکہ ہاردک پانڈیا چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں ابرار احمد کی چوتھی اور محمد نواز کی 11ویں پوزیشن برقرار ہے۔
ٹیسٹ کی درجہ بندی
ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں۔ انہوں نے برسبین ٹیسٹ میں 138* رنز بنا کر آسٹریلیا میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔
کین ولیمسن اور اسٹیون اسمتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ولیمسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 52 رنز بنائے جب کہ اسمتھ ایشز سیریز میں اب تک 51.50 کی اوسط سے 103 رنز بنا چکے ہیں۔
سعود شکیل ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک بھی ایشز سیریز میں مسلسل کارکردگی کے بعد ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں تین درجے اوپر آگئے ہیں۔ وہ 852 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جو کیرئیر کی بہترین پوزیشن ہے۔ سٹارک سیریز میں اب تک 14 کی اوسط سے 18 وکٹیں لے چکے ہیں جبکہ پاکستانی اسپنر نعمان علی چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:بلاول بھٹو کا چھت پر کھڑی خواتین سے دلچسپ مکالمہ،عوامی توجہ کا مرکز بن گیا

