لاہور (اوصاف نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جس کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو بند کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے M3، M4 اور M5 کو مختلف مقامات سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
سینٹرل ریجن موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث خانیوال سے ملتان اور شورکوٹ سے عبدالحکیم تک موٹروے ایم 4 بند کردی گئی، اسی طرح موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک جبکہ موٹروے ایم تھری درخانہ سے رجانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔ ڈرائیوروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ لین کے نظم و ضبط پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ دھند کے دوران دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر کے لیے نسبتاً محفوظ اوقات تصور کیا جاتا ہے۔ مزید برآں، ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنانا چاہیے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے اور رفتار کم کرنی چاہیے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کرنے سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کے لیے تین نام وزیراعظم کو ارسال

