اسلام آباد(اوصاف نیوز)پی ٹی آئی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کاریفرنس فائل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
ریفرنس پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے فائل کیا گیا ہے۔ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر عون عباس نے نااہلی کا ریفرنس سیکرٹری سینیٹ کو جمع کرایا، ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے فلور کراسنگ کرتے ہوئے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی۔
ریفرنس کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں، تاہم سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ان ہدایات کے برخلاف 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 10 اور 15 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران آئینی ترمیم کی حمایت کی، پارٹی کی جانب سے انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کیا گیا، تاہم تاحال ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 63 اے لاگو ہوتا ہے اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو پارٹی سے انحراف کے مرتکب ہو چکے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ریفرنس کو جلد از جلد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا کر قانونی کارروائی کی جائے۔
0 مزید پڑھیں: پیٹرول سستا ہونے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا


