ویب ڈیسک(اوصاف نیوز)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی انرجی ڈرنک کی نقل کرنے پر ایک معروف مقامی برانڈ پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ سال 2026 میں کمپٹیشن کمیشن کی جانب سے عائد کیا جانے والا پہلا بڑا جرمانہ ہے۔
کمپٹیشن کمیشن نے کئی برسوں سے زیر التوا انرجی ڈرنک سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مشروب تیار کرنے والی کمپنی صارفین کو گمراہ کرنے کی مرتکب پائی گئی۔ فیصلے کے مطابق مقامی انرجی ڈرنک کمپنی نے غیر ملکی برانڈ کی پیکجنگ اور مجموعی انداز کی نقل کی، جس میں رنگ، بوتل، تحریر اور ڈیزائن شامل ہیں، جس سے صارفین میں کنفیوژن پیدا ہوئی۔
کمپٹیشن کمیشن کے مطابق غیر ملکی برانڈ کی شکایت پر اس معاملے کی انکوائری شروع کی گئی تھی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقامی برانڈ نے متعلقہ انرجی ڈرنک کی شہرت سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور عدالتی کارروائیوں اور اسٹے آرڈرز کے ذریعے انکوائری کو طویل کرنے کی کوشش کی۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں مقامی برانڈ کی اپیل کو ناقابلِ سماعت اور محض تاخیری حربہ قرار دیا۔ عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کمپٹیشن قوانین سے استثنیٰ فراہم نہیں کرتی۔
کمپٹیشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ معروف برانڈز کی نقل کرنا کمپٹیشن ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے اور گمراہ کن پیکجنگ یا کاپی کیٹ برانڈنگ میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں:شیخ وقاص کے بھائی شیخ فواد کے قافلے پر حملہ، ایک شخص جاں بحق
