(اوصاف نیوز)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ وہ اس دن کا خواب دیکھ رہے ہیں جب ایک حجاب پہنی بیٹی بھارت کی وزیراعظم بنے گی۔
مہاراشٹر کے شہرسولاپورمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے یاد دہانی کروائی کہ بھارت کے پہلے وزیر قانون بابا صاحب امبیڈکرکے آئین کے مطابق ہرشہری کو وزیرِاعظم، وزیرِاعلیٰ یا میئر بننے کا حق حاصل ہے۔
اویسی کے بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) شدید برہم ہوئی اور ان پر تنقید شروع کردی۔ بی جے پی نے کہا کہ اویسی پہلے اپنی پارٹی میں کسی حجاب پہننے والی خاتون کو صدر بنائیں۔
آسام کے وزیرِاعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ آئین میں کوئی پابندی نہیں مگربھارت ایک ہندوتہذیب کا ملک ہے اور وزیرِاعظم ہندو ہی ہوگا، شیو سینا کی رہنما شائنا این سی نے کہا کہ قیادت کا معیارمذہب نہیں بلکہ کارکردگی ہونا چاہیے۔
اسد الدین اویسی نے مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت زیادہ دیر نہیں چلتی اور ایک دن محبت غالب آئے گی۔ ان کے بیان نے بھارتی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور مختلف جماعتوں میں اختلافات کو بڑھاوا دیا ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت مل گئی :جلسہ کہاں ہوگا جانیے


