Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

‏وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقہ سید پور ویلیج میں خون خوار کتے کی حکومت قائم

اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تاریخی اور سیاحتی علاقے سید پور ویلیج میں ایک خونخوار کتے اور اس کے مالک کے خلاف علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایک بااثر شخص حمزہ نعیم ولد محمد نعیم، سکنہ سید پور گاؤں، نے نہ صرف مسجد کی زمین پر مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے بلکہ ایک خطرناک اور خونخوار کتا بھی پال رکھا ہے جسے وہ اپنے اشارے پر گاؤں والوں پر چھوڑ دیتا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حمزہ نعیم اکثر گالی گلوچ کرتا ہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے۔ جب بھی کوئی شخص اس سے قبضہ ختم کرنے یا کتے کے حوالے سے بات کرتا ہے تو وہ کتے کو حملے کا اشارہ دے دیتا ہے، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہونے سے بال بال بچے جبکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق سید پور گاؤں کے متعدد رہائشیوں نے تھانہ کوہسار میں مشترکہ تحریری شکایت درج کروائی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمزہ نعیم نے مسجد کی پراپرٹی پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور بار بار کہنے، پولیس اور دیگر اداروں میں شکایات کے باوجود وہ جگہ خالی نہیں کر رہا۔

درخواست گزاروں کے مطابق حمزہ نعیم بااثر ہونے کی وجہ سے قانون کو خاطر میں نہیں لاتا بلکہ الٹا گاؤں کے شریف شہریوں کے خلاف مختلف تھانوں میں جھوٹے مقدمات درج کروانے کے لیے درخواست بازی کرتا رہتا ہے تاکہ انہیں ڈرا دھمکا کر خاموش کرایا جا سکے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ خونخوار کتے کے باعث بچوں کا اسکول جانا، خواتین کا گھروں سے نکلنا اور بزرگوں کا مسجد جانا تک مشکل ہو چکا ہے۔ گاؤں والے مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے اعلیٰ حکام، پولیس اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے حمزہ نعیم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، مسجد کی زمین کو واگزار کروایا جائے اور خونخوار کتے کو تحویل میں لے کر عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور سید پور گاؤں کے مکینوں کو پرامن زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔
مزید پڑھیں:لاہور میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، 8 افراد جھلس گئے

یہ بھی پڑھیں