اسلام آباد (اوصاف نیوز) ملک بھر میں خشک سردی کا سلسلہ جاری ،محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں موسمی تبدیلیوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ دنوں میں بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کے ساتھ ساتھ شدید سردی میں کمی کے امکانات ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں دھند اور سرد ہواؤں کا سلسلہ بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں موسم سرد اور خشک ہے، جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور ہوا میں نمی 92 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج بارش کی پیشگوئی کی ہے اور 23 جنوری تک تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔ شہر میں فضائی آلودگی کی سطح بھی انتہائی زیادہ ہے اور مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 1100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے خشک سردی میں کمی اور فضائی آلودگی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی موسم خشک اور سرد رہا اور درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے یہاں بھی 22 اور 23 جنوری کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش کے بعد شہر میں سردی میں معمولی اضافہ متوقع ہے، تاہم فضائی معیار بدستور خراب ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے۔ شہر کی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں خشک سردی کا سلسلہ جاری ہے جہاں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت پارہ 8 ڈگری کے قریب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جنوری کو اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے، جس سے سردی میں کمی کی توقع ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی اور جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور اور بہاولپور میں رات اور صبح کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، موہنجوداڑو اور جیکب آباد میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا میں نئی تاریخ رقم، غزالہ ہاشمی پہلی مسلم نائب گورنر بن گئیں



