اسلام آباد(اوصاف نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارتی مظالم کا شکار مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن منایا جا رہا ہے۔ ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے حمایت کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک پوری پاکستانی قوم یک زبان ہو کر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرے گی۔ اس موقع پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، جبکہ ملک بھر میں ریلیوں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہدِ آزادی کے دوران ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، جبکہ ایک ہزار سے زائد کشمیری شہری آج بھی بھارت کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
بھارتی فورسز کشمیری عوام کی کھربوں روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کاروباری مراکز اور رہائشی مکانات نذرِ آتش کر چکی ہیں، تاہم غیور کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ثابت قدمی سے سینہ سپر ہیں۔
یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری پاکستانی قوم ہر محاذ پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دہائیوں سے جاری بھارتی قبضہ اور ریاستی جبر عالمی برادری سے اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ یومِ یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کب جاری ہونگے؟ گورنراسٹیٹ بینک کا اہم بیان
