لاہور (اوصاف نیوز) آسٹریلوی کرکٹر سٹیو سمتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔
پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا۔
سیالکوٹ اسٹالینز نے سوشل میڈیا کے ذریعے اسٹیو اسمتھ کی شمولیت کا اعلان کردیا، اس سیزن میں وہ پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو براہ راست دستخط کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو 140 ملین روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا جس کے بعد اسمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے اب تک کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے لیے فرنچائزز کی جانب سے برقرار رکھنے والے کھلاڑیوں کی رقم کا اعلان کر دیا گیا، جس کے مطابق پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو 70 ملین روپے میں برقرار رکھا ہے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، اب روایتی ڈرافٹ سسٹم کی بجائے نیلامی پر مبنی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔
جس کے تحت فرنچائزز اب ہر کیٹیگری سے 8 کی بجائے صرف ایک کھلاڑی کو برقرار رکھ سکیں گی اور باقی کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔
مزیدپڑھیں :پی ٹی آئی کے لیے بری خبر آگئی
