لاہور (اوصاف نیوز) مرکز قومی بچت نے 1500 روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق قومی بچت مرکز لاہور میں رواں سال کے 1500 روپے والے انعامی بانڈ کی پہلی قرعہ اندازی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تمام پاکستانی شہری اپنے اصل شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ درخواست جمع کروا کر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے دفتر، کمرشل بینکوں کی مجاز شاخوں اور قومی بچت کے مراکز سے پرائز بانڈ خرید سکتے ہیں۔
قرعہ اندازی میں جیتنے والے اپنی انعامی رقم کا دعویٰ اسٹیٹ بینک کے کسی بھی فیلڈ آفس، نامزد کمرشل بینکوں کی شاخوں یا قومی بچت کے مراکز سے آفیشل کلیم فارم پر کر سکتے ہیں۔
پہلا انعام جیتنے والے خوش نصیب کو 30 لاکھ روپے کی بھاری انعامی رقم ملے گی، جبکہ دوسرے انعام کے لیے تین خوش نصیب ہوں گے، جن میں سے ہر ایک کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح تیسرے انعام کے لیے 1,696 خوش نصیبوں کا انتخاب کیا جائے گا اور ہر فاتح کو 18,500 روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
حکومت کی طرف سے ترمیم شدہ ٹیکس پالیسی کے مطابق انعامی رقم جیتنے والوں پر ان کے ٹیکس فائلر کی حیثیت کی بنیاد پر مختلف شرحوں پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ فائلرز کے لیے انعامی رقم پر 15 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا جبکہ نان فائلرز کو انعامی رقم کا 30 فیصد ٹیکس کے طور پر ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی اگلی قرعہ اندازی 16 فروری 2026 کو لاہور میں ہوگی۔
مزید پڑھیں:عازمین حج کے لیے بائیو میٹرک رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن جاری
