اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے شمسی توانائی سے متعلق نئے ضوابط کے اجراء کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔
اس حوالے سے آج اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں نیپرا کے نئے ریگولیشنز کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔
نیپرا کی جانب سے شمسی توانائی سے متعلق نئے ضوابط کے اجراء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ شمسی صارفین کے کنٹریکٹس کے تحفظ کے لیے فوری طور پر نظرثانی اپیل دائر کرے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ صارفین کے موجودہ معاہدوں کے ہر ممکن تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ پالیسی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے وہ صارفین متاثر نہ ہوں جو پہلے سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سولر سے مستفید ہونے والے 466,000 صارفین کا مالی بوجھ 37.6 ملین سے زائد صارفین پر نہ پڑے جو صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ایک جامع اور متوازن ایکشن پلان مرتب کیا جائے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:کوکنگ آئل کی قیمتوں میںہوشربا اضافہ


