لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب میں فروخت ہونے والی جان بچانے والی ادویات سمیت دس معروف ادویات کو غیر معیاری قرار دے دیا گیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) نے متعلقہ ادویات کے مخصوص بیچوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ادویات کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں رپورٹ میں 10 ادویات کا معیار انتہائی ناقص پایا گیا۔ غیر معیاری قرار دی گئی ادویات میں الرجی، دل کی بیماریوں، جلد کے انفیکشن، نزلہ زکام اور آنکھوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔
الرجی میں استعمال ہونے والی ایک مخصوص دوا “ڈیزی” غیر معیاری پائی گئی جب کہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم کرنے والی دوا “Escad” کو بھی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔ اسی طرح جلد کے انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے “Canadex” کا استعمال بھی روک دیا گیا ہے۔
نزلہ زکام میں استعمال ہونے والی ادویات سیپیزائن اور روزان پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ آئی ڈراپس نیفن بھی غیر معیاری پائے گئے ہیں۔ ہاتھوں اور پاؤں کی چھوٹی رگوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا انجکشن بھی غیر معیاری ادویات کی فہرست میں شامل ہے۔
یہ ادویات کراچی کے سائٹ ایریا اور منگھوپیر اور لاہور کے سندر انڈسٹریل ایریا اور رائے ونڈ روڈ میں واقع فارما کمپنیوں میں تیار کی گئیں۔
ڈریپ کے مطابق تمام متعلقہ ادویات کے مخصوص بیچوں کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔
مزید پڑھیں:حکومت نے بانی پی ٹی آئی کا علاج کروانے کی پیشکش کر دی


