لکی مروت (اوصاف نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹر حملے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹر حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے بعد فوری طور پر خلیفہ گل نواز (کے جی این) اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹروں نے دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایت پر لکی مروت پولیس، امن کمیٹی اور بنوں پولیس کی بھاری نفری اے پی سیز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
آپریشن کے دوران پولیس نے بروقت اور موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک کواڈ کاپٹر (ڈرون) کو مار گرایا جبکہ پولیس کا جدید ڈرون فضا میں بلند ہوتے ہی غائب ہوگیا۔
پولیس کو فراہم کیا گیا ڈرون اس آپریشن میں انتہائی کارگر ثابت ہوا، جس کی مدد سے جوابی حملے میں متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود جی این ہسپتال پہنچے، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ ڈاکٹروں کو زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور ایسے بزدلانہ حملے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ علاقے میں امن و امان کی بحالی تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں:قومی اسمبلی کی سیٹ پرضمنی الیکشن کا شیڈول جاری


